غیر قانونی تارکین کو پناہ دینے پر تین افراد گرفتار
مقامی شہری کے زرعی فارم میں پناہ دی گئی تھی(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں جازان پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ 36غیر قانونی تارکین کو پناہ دینے کا الزام ثابت ہونے پر تین افراد کو گرفتارکیا گیا ہے۔
ایک کا تعلق سعودی عرب، یمن اور بنگلہ دیش سے ہے۔ غیر قانونی تارکین میں سے 35 یمنی اور ایک ایتھوپیا کا شہری ہے۔ انہیں مقامی شہری کے زرعی فارم میں پناہ دی گئی تھی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق جنوبی سعودی عرب کے صوبے جازان پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے پانچ ہزار 250 پیکٹ برآمد ہوئے جن میں خاص قسم کا تمباکو بھرا ہوا تھا۔زیر حراست افراد کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بیان میں انتباہ کیا کہ جو شخص بھی سعودی عرب کے سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کودراندازی یا انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے یا رہائش یا پناہ جیسی کوئی سہولت فراہم کرے گا اسے 15 برس تک قید اور دس لاکھ تک جرمانے کی سزا ہو گی۔
ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والی گاڑی، رہائش ضبط کر لی جائے گی اوراس کی تشہیر بھی ہو گی۔