کپتانی سے ہٹائے جانے سے صرف 90 منٹ پہلے بتایا گیا: وراٹ کوہلی
وراٹ کوہلی کے مطابق ان سے کہا گیا کہ وہ اب ون ڈے کے کپتان نہیں رہیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ٹیسٹ کرکٹ کے کپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ صرف90 منٹ قبل انہیں ون ڈے ٹیم کے کپتان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بارے میں بتایا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اےا یف پی کے مطابق بدھ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وراٹ کوہلی نے حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ٹی 20 کے کپتان کا عہدہ چھوڑ دیا تھا اور گذشتہ ہفتے انڈین کرکٹ بورڈ نے وراٹ کوہلی کو ون ڈے کرکٹ کی کپتانی سے ہٹا کر روہت شرما کو کپتانی سونپ دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھ سے آٹھ تاریخ کو سلیکشن میٹنگ کے 90 منٹ پہلے رابطہ کیا گیا اور اس سے پہلے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا۔‘
وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ’مجھے کہا گیا کہ پانچ سلیکٹرز نے فیصلہ کیا ہے کہ میں ون ڈے کا کپتان نہیں رہوں گا۔‘
وراٹ کوہلی کا ٹی20 ٹیم کی قیادت چھوڑنا بہت سے کرکٹ شائقین اور مداحوں کے لیے حیران کن فیصلہ تھا۔
تاہم کوہلی نے ون ڈے ٹیم کی کپتانی برقرار رکھنے کی کوشش کی تھی۔
وارٹ کوہلی تاحال انڈین ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہیں اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میں وہ انڈین ٹیم کی قیادت کریں گے تاہم کچھ رپورٹس کے مطابق انہوں نے ایک روزہ سیریز سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم کوہلی نے ان رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹ قرار دیا اور کہا ہے کہ وہ ’سلیکشن کے لیے دستیاب تھے اور ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہیں اور اپنی ٹیم کے لیے ممکنہ حد تک بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔