پروین رحمان قتل کیس میں چار ملزمان کو دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا
پروین رحمان کو 2013 میں کراچی میں قتل کیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں قتل ہونے والی سماجی کارکن پروین رحمان کے قتل کے الزام میں انسداد دہشتگردی کی مقامی عدالت نے پانچ ملزمان کو سزا سنادی ہے۔
اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کو کراچی میں 2013 میں قتل کیا گیا تھا۔
جمعہ کے روز کراچی کی ایک انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم احمد خان، امجد حسین، رحیم سواتی اور ایاز سواتی کو دو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے رحیم سواتی کے بیٹے عمران سواتی کو سات سال قید کی سزا سنائی ہے۔
ملزمان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔
پروین رحمان پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ تھیں تاہم ان کو پذیرائی اورنگی پائلٹ پروجیکٹ سے ملی جس کی وہ کراچی میں سربراہ تھیں۔
پروین رحمان کو غرییوں اور ناداروں کی آواز سمجھا جاتا تھا اور کہا جاتا ہے کہ یہی سماجی کام ان کے قتل کی وجہ بھی بنا۔