Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں قتل ہونے والی پروین رحمان پر فلم ایمیزون پرائم پر ریلیز ہوگی

ان ٹو ڈسٹ نامی اس فلم کی کہانی پروین رحمان کی زندگی اور ان کے کام کے اردگرد گھومتی ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)
کراچی کی معروف سماجی شخصیت پروین رحمان، جنہیں 13 مارچ 2013 کو گھات لگا کر قتل کیا گیا تھا، کی زندگی پر بننے والی مختصر دورانیے کی فلم ایمیزون پرائم پر ریلیز کی جارہی ہے۔
فلم میں پروین رحمان کا کردار انڈین اداکارہ اندو شرمی ادا کررہی ہیں۔
پروین رحمان پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ تھیں تاہم ان کو پذیرائی اورنگی پائلٹ پروجیکٹ سے ملی جس کی وہ کراچی میں سربراہ تھیں۔
ان ٹو ڈسٹ نامی اس فلم کی کہانی پروین رحمان کی زندگی اور ان کے کام کے اردگرد گھومتی ہے۔
پروین رحمان کو غرییوں اور ناداروں کی آواز سمجھا جاتا تھا اور کہا جاتا ہے کہ یہی سماجی کام ان کے قتل کی وجہ بھی بنا۔
مقامی میڈیا کے مطابق رواں سال مارچ میں ان کے قتل کے الزام میں پانچ افراد پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
کراچی کی انسداد دہشت گری کی ایک عدالت میں بتایا گیا تھا کہ پروین رحمان کا اپنے قتل سے 15 ماہ قبل ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ زمینوں پر قبضہ کرنے والے کچھ لوگ اور بھتہ خور ان کے دفتر کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا تھا کہ شاید انہی بھتہ خوروں نے پروین رحمان کی جان لی۔
اس فلم کے حوالے سے انچکی بہن عقیلہ اسماعیل کا بھی بھرپور تذکرہ ہورہا ہے جنھوں نے پروین کے قتل کے خلاف آواز بلند کی تھی۔عقیلہ اس فلم کی ایگزیکٹیو پروڈیوسر بھی ہیں۔
فلم کے ہدایت کار اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والے اور لانڈو وون اینسیڈیل ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی مشہور فلمیں بنا چکے ہیں، جن میں ویرونگا، دی وائٹ ہیلمٹ اور ایلون شامل ہیں۔
مختصر دورانیے کی اس فلم کا کچھ حصہ کراچی میں فلمایا گیا ہے، تاہم سکیورٹی خدشات کے باعث اس کی زیادہ تر شوٹنگ انڈیا میں کی گئی ہے۔

شیئر: