Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاقی وزیر شبلی فراز پر درہ آدم خیل میں حملہ، ڈرائیور زخمی

شبلی فراز کوہاٹ سے پشاور جا رہے تھے، جب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز پر درہ آدم خیل میں حملہ ہوا ہے تاہم وفاقی وزیر حملے میں محفوظ رہے ہیں۔
سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے مطابق شبلی فراز اتوار کو کوہاٹ سے پشاور جا رہے تھے، جب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹے اور ڈرائیور زخمی ہو گیا جبکہ مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
بعد ازاں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ’الحمداللہ محفوظ ہوں، مگر ڈرائیور زخمی ہے جس کو علاج کے لئے پشاور منتقل کر رہے ہیں۔‘
شبلی فراز نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں آبائی علاقے کوہاٹ سے واپسی پر دورہ آدم خیل کے مقام پر ہجوم نے حملہ کیا اور فائرنگ کی، معجزاتی طور پر محفوظ رہا، تاہم ڈرائیور زخمی ہوا جس کو طبی امداد مہیا کردی گئی۔‘
بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’اطلاعات ہیں کہ وفاقی وزیر شبلی فراز پر کوہاٹ جاتے ہوئے درہ آدم خیل کے مقام پر فائرنگ کی گئی، خدا کا شکر ہے وہ حملے میں محفوظ رہے۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے ڈرائیور شدید زخمی ہیں جن کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے ٹوئٹر اکاونٹ سے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹویٹ کیا گیا کہ ’وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز پر قاتلانہ حملے کی مذمت۔‘
’انہوں نے چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبر پختونخواہ سے فائرنگ واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔‘
ٹویٹ میں مزید کہا گیا شیخ رشید ’فائرنگ واقعے میں زخمی ہونے والے شبلی فراز کے ڈرائیور اور گارڈ کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔‘

شیئر: