کورونا کےخلاف مدافعتی نظام مستحکم ہو نے پر ویکسین ضروری نہیں ہوگی، ڈاکٹرعسیری
ممکن ہے ایک ، دویا 3 برس میں بوسٹر ڈوز پر اکتفا کیا جانے لگے(فوٹو، ٹوئٹر)
معاون سیکریٹری صحت ڈاکٹرعبداللہ عسیری نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ آئندہ برس کے وسط تک ویکسینیشن کا مقررہ ہدف حاصل کرلینے کے بعد عالمی سطح پرکورونا کے خلاف معدافعتی نظام مضبوط ہوجائے گا۔۔
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر عسیری نے ٹوئٹرپرجاری بیان میں مزید کہا ہے کہ آئندہ برس کے وسط تک بوسٹر ڈوز معاشرے کے ہر فرد کےلیے ناگزیر ہے۔ ویکسین کی دوسری خوراک کے تین ماہ بعد بوسٹر ڈوز لینا ہوگی۔
عسیری نے توجہ دلائی کہ کورونا کی بوسٹر ڈوز بڑی حد تک ہر سال لی جانے والی انفلوئنزا ویکسین سے ملتی جلتی ہے۔ دنیا بھر میں لوگوں کا مدافعتی نظام مستحکم ہو جانے کے بعد بار بار ڈوز لینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ممکن ہے سالانہ یا دوسال یا تین برس میں بوسٹر ڈوز پر اکتفا کیا جانے لگے۔ یہ بھی ایسے افراد کے لیے ہو گی جو وائرس کے خطرات سے زیادہ دوچار ہو سکتے ہوں۔
عسیری نے تاکید کی کہ 5 سے 11 برس تک کے بچوں کےلیے کورونا ویکسین ضروری ہے۔ وزارت صحت اس کا اعلان کر چکی ہے اور متعلقہ سینٹرز میں مذکورہ زمرے میں شامل بچوں کو ویکسین دی جانے لگی ہے۔