عرب اتحاد کا اپریشن جاری، حوثیوں کا بھاری نقصان
حوثیوں کے ٹھکانوں پراتحادی فورس نے 37 حملے کیے(فوٹو، ٹوئٹر)
عرب اتحاد برائے یمن نے کہا ہے کہ یمن کے صوبے مارب ، الجوف اور مغربی ساحل پر حوثیوں کے ٹھکانوں پر کیے گئے حملوں میں سینکڑوں حوثی دہشتگرد مارے گئے۔
اخبار 24 کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اتحادی فورسز نے37 حملے کیے۔ان میں سے 33 حملے مارب اور الجوف میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر کیے گئے جن سے 25 عسکری گاڑیاں اور فضائی دفاعی نظام تباہ کر دیا گیا جبکہ 280 سے زیادہ حوثی دہشتگرد مارے گئے۔
عرب اتحاد نے توجہ دلائی کہ مغربی ساحل کے ٹھکانوں پر 4 حملے کیے گئے جن میں حوثیوں کی 3عسکری گاڑیاں اور گولہ بارود کے متعدد گودام تباہ ہو گئے جبکہ 30 سے زیادہ حوثی دہشتگرد مارے گئے ۔ مذکورہ تینوں مقامات پر مارے جانے والے حوثیوں کی تعداد 310 تک پہنچ گئی۔
عرب اتحاد کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی مارب میں فوج اور حوثیوں کے درمیان گھمسان کے معرکے ہوئے۔ حریت پسند یمنی شہری بھی فوج کے شانہ بشانہ لڑرہے ہیں۔ حملوں میں حوثیوں کا بھاری ، جانی ومالی نقصان ہوا۔