Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فضائی مسافروں کو دوران سفر کون سی سہولیات کی فراہمی لازمی ہے؟

پانچ گھنٹے سے زائد تاخیر کی صورت میں مسافر کے پاس اختیار ہے کہ وہ اپنا مکمل ٹکٹ ری فنڈ کرا سکے (فوٹو: فیس بک)
کورونا وبا کے باعث دنیا بھر میں فضائی سفر پر عائد کی جانے والی پابندیاں اب اٹھائی جا رہی ہیں اور آمد و رفت بحال ہو رہی ہے۔ جس کے بعد ان تمام لوگوں نے ایک مرتبہ پھر سفر کا آغاز کر دیا ہے جو پہلے اس کو ملتوی کیے ہوئے تھے۔
ایسے میں ایئرپورٹس پر بھیڑ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور فلائٹس کے شیڈول بھی تبدیل ہو رہے ہیں جن کی وجہ سے مسافروں کو معمول سے زیادہ وقت فضائی اڈو ں پر گزارنا پڑ رہا ہے اور وہاں انہیں مختلف سہولیات کی ضرورت ہوتی ہے۔
مسافر فضائی سفر کے لیے ٹکٹ کی جو قیمت ادا کرتے ہیں اس کے بدلے ایئر پورٹس پر مسافروں کو متعدد سہولیات اور خدمات کے حقوق ہوتے ہیں۔
ان حقوق کے تحت ہر ملک اپنے قوانین کے مطابق ایئر پورٹس پر سہولیات فراہم کرتا ہے، تاہم بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے بھی کچھ قوانین بنا رکھے ہیں جن کے تحت تمام ایئر پورٹس پر مسافروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی پابندی ہے۔ 
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ خان کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کام ایئر پورٹس پر انفراسٹرکچر کو فعال رکھنا اور سکیورٹی فراہم کرنا، سکیورٹی کے قوانین اور عملے کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
سیف اللہ خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ مسافروں کو دستیاب حقوق 1999 کے مونٹریال کنونشن کے تحت دیے جاتے ہیں، جس کے مطابق سول ایوی ایشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ بطور ریگولیٹر اپنی اور ایئرلائنز کی طرف سے بھی مسافروں کو میسر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔

مونٹریال کنوینشن کے تحت مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات

تمام ایئرلائنز بین الاقوامی یا مقامی پرواز میں چار گھنٹے سے زائد تاخیر ہونے کی صورت میں مسافروں کو وقت کے حساب سے ناشتہ، لنچ یا ڈنر فراہم کرنے کی پابند ہیں جبکہ ٹیلی فون اور رات کی صورت میں رہائش فراہم کرنے کی بھی پابند ہیں۔

فضائی مسافروں کو دستیاب حقوق 1999 کے مونٹریال کنونشن کے تحت دیے جاتے ہیں (فوٹو: اے یف پی)

پانچ گھنٹے سے زائد تاخیر کی صورت میں مسافر کے پاس اختیار ہے کہ وہ اپنا مکمل ٹکٹ ری فنڈ کرا سکے جبکہ ٹرانزٹ فلائٹ کی صورت میں مسافر کو بقیہ سفر کا ٹکٹ فضائی کمپنی دینے کی پابند ہے۔ 
پرواز منسوخ ہونے کی صورت میں ایئرلائن مسافر کو ٹکٹ ری فنڈ یا متبادل پرواز فراہم کرنے کی پابند ہے۔ مسافروں کے سامان میں کسی قسم کے نقصان کی صورت میں ایئرلائن معاوضہ دینے کی پابند ہوتی ہے۔ 
اس کے علاوہ معذور افراد کے لیے ایئرپورٹس پر وہیل چیئرز، پارکنگ اور دیگر ضروری سہولیات دینا بھی فضائی کمپنی اور ایئر پورٹ ٹرمنلز کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ 

پرواز منسوخ ہونے کی صورت میں ایئرلائن مسافر کو ٹکٹ ری فنڈ یا متبادل پرواز فراہم کرنے کی پابند ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق مذکورہ بالا سہولیات فراہم نہ کرنے کی صورت میں سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ اینڈ اکنامک ریگولیشنز کے پاس شکایت درج کی جا سکتی ہے، جب کہ سول ایوی ایشن تحقیقات کرنے کے بعد جرمانے عائد کرنے کا حق رکھتی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی کی صورت میں فضائی کمپنیوں کو پہلی بار 20 سے 30 ہزار روپے، دوسری بار 40 سے 60 ہزار روپے اور تیسری مرتبہ خلاف ورزی کی صورت میں 60 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کے جرمانہ کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

شیئر: