Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سماجی تقریبات سے متعلق ابوظبی میں نئی پابندیوں کا اعلان

کھلی ہوا میں کی جانے والی تقریبات میں شرکا کی تعداد 150 سے تجاوز نہیں کرنی چاہیے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے لیے ابوظبی نے سماجی تقریبات کے حوالے سے اپنے ضوابط کو پیر سے اپ ڈیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کا کہنا تھا کہ ’شادی، جنازے اور خاندانی تقریبات میں لوگوں کی تعداد زیادہ سے زیادہ 60 فیصد تک رکھنا اپ ڈیٹ میں شامل ہے۔‘
نئی ہدایات کے مطابق اندر کی جانے والی تقریبات میں 50 لوگوں تک کی اجازت ہے اور کھلی ہوا میں کی جانے والی تقریبات میں شرکا کی تعداد 150 سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ جبکہ گھر میں کی جانے والی تقریبات میں بیک وقت صرف 30 افراد شامل ہوسکتے ہیں۔
نئی گائیڈلائنز کے مطابق سماجی تقریبات میں شامل ہونے کے لیے موجودہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازمی ہے، جس میں الحصن ایپ پر ’گرین پاس‘، 48 گھنٹوں کے دوران کروائے جانے والا منفی پی سی آر ٹیسٹ دکھانا، ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ قائم رکھنا شامل ہے۔
ابوظبی کی مذکورہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ معائنے اور نگرانی کے لیے کیے جانے والے دوروں میں اضافہ کرے گی تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر عمل یقینی بنایا جائے۔
کمیٹی نے تمام اہل افراد پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوائیں اور باقاعدہ پی سی آر ٹیسٹ کروا کر الحصن ایپ پر گرین سٹیٹس برقرار رکھیں۔

شیئر: