ابوظبی آنے والوں کے لیے داخلے کا نظام اپ ڈیٹ
جمعرات 16 دسمبر 2021 5:34
تیز رفتار چیکنگ کےلیے ای ڈی ای سسٹم متعارف کرایا گیا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات میں کورونا وبا کے مسائل اور بحرانوں سے نمٹنے پر مامور کمیٹی نے ابوظبی آنے والوں کے لیے داخلے کا نظام اپ ڈیٹ کیا ہے۔ داخلے کے تمام پوائنٹس پر تیز رفتار چیکنگ کے لیے ای ڈی ای سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی میڈیا سینٹر نے ٹویٹر بیان میں کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرین کا پتہ لگانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ای ڈی ای سسٹم کے تحت ممکنہ متاثرین کے کیسز فیلڈ ٹیسٹ سینٹر کے حوالے کیے جاتے ہیں جہاں اینٹی باڈیز کا مفت ٹیسٹ ہوتا ہے۔ 20 منٹ کے اندر ٹیسٹ رزلٹ آ جاتا ہے۔
أبوظبی میں کورونا سے متاثرین کی شرح کم ہورہی ہے۔ حفاظتی تدابیر کی سختی اور مسلسل پابندی کے باعث وبا کنٹرول میں ہے۔
ای ڈی ای ٹیسٹ آر این اے وائرس سے نکلنے والی مقناطیسی لہر چانچنے والی ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے۔ یہ تین سیکنڈ کے اندرموبائل میں ایپ کے ذریعے وائرس کا پتہ لگا لیتی ہے۔ اس ٹیسٹ میں نجی کوائف جمع نہیں ہوتے۔ پرائیویسی کا خیال رکھا جاتا ہے۔