کسی ڈیل کی ضرورت نہیں، ہماری ڈیل عوام کے ساتھ: بلاول بھٹو زرداری
کسی ڈیل کی ضرورت نہیں، ہماری ڈیل عوام کے ساتھ: بلاول بھٹو زرداری
پیر 27 دسمبر 2021 16:41
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’پاکستان پیپلزپارٹی غیرجمہوری سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ ہمیں کسی ڈیل کی ضرورت نہیں۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے پیر کو صوبہ سندھ کے شہر گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 14ویں برسی پر منعقدہ جلسے سے خطاب ہوئے کہا کہ ’ہماری ڈیل شہدا کے قبرستان سے اور عوام سے ہے۔ جو ڈیل کی سیاست کرتے ہیں ان کے شہیدوں کے قبرستان نہیں ہوتے۔‘
’آپ نے ڈیل ڈیل کی باتیں ٹی وی پر سنی ہوں گی۔ تجزیہ کاروں اور کالم نگاروں سے یہ باتیں سنی ہوں گی، یاد رکھیں یہ وہی شکلیں ہیں، وہی قلم ہیں جو شہید بی بی بینظیر پر ڈیل کا الزام لگا رہے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’5 جنوری کو حکومت کے خاتمے کی بنیاد لاہور میں رکھیں گے۔ یہاں کبھی آر او الیکشن تو کبھی آر ٹی ایس الیکشن کرائے گئے۔ یہاں کبھی کسی چوہدری کو استعمال گیا تو کبھی کسی نثار کو استعمال کیا جاتا رہا اور جمہوریت پر ڈاکہ ڈالا جاتا رہا ہے۔ آج پاکستان کے عوام کٹھ پتلی راج بھگت رہے ہیں۔ سلیکٹڈ راج بھگت رہے ہیں۔‘
’این ایف سی اور 18ویں ترمیم کی وجہ سے گوادر پورٹ بن رہی ہے۔ انہی کی وجہ سے پنجاب میں میٹرو بس بنی۔‘
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جلسے سے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ’پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔ پاکستان کے عوام کا یہ نصیب نہیں کہ ہم ہمیشہ غریب رہیں۔‘
آصف علی زرداری نے کہا کہ ’پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
’وہ وقت دور نہیں کہ جب آپ کی حکومت آئے گی اور آپ کے دن بھی بدلیں گے۔ غریبوں کی تقدیر بھی بدلے گی اور یہ سب بدلے گا بلاول۔‘
’جو وعدہ میں نے پہلے دن بی بی سے کیا تھا، وہ آہستہ آہستہ پورا کر رہا ہوں۔‘