سعودی سفیر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے دفتر خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یکساں عقیدے، ثقافت، تاریخ اور سٹریٹجک تعاون کی بنیاد پر مبنی برادرانہ تعلقات ہیں۔‘
’دونوں ممالک کی قیادت دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔‘
پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کی معاونت کی، پاکستان کی تعمیروترقی میں سعودی حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔‘