عازمین حج کو مقررہ خدمات فراہم نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی
حجاج کوخدمات فراہم نہ کرنے والی کمپنیوں کو رقم لوٹانے کا حکم دے دیا(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے سہولتوں کی فراہمی میں کوتاہی برتنے پر حج خدمات فراہم کرنے والے بعض داخلی معلمین کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہے۔
اخبار24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ کی تادیبی کمیٹی نے اندرون مملکت سے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کوحج کرانے والے متعدد اداروں اور کمپنیوں کےخلاف مقررہ سہولتوں کی فراہمی میں کوتاہی پر تادیبی کارروائی کرتے ہوئے مختلف فیصلے جاری کردیے ۔ کمپنیوں کے خلاف کوتاہی 1442 ھ کے حج موسم میں ریکارڈ کی گئی تھی۔
وزارت کی جانب سے جاری کر دہ تفصیلات کے مطابق کمپنیوں اور اداروں پر خلاف ورزیاں ثابت ہونے پر جرمانے کیے گئے ہیں ۔
کمپنیوں کو داخلی عازمین حج کو خدمات فراہم کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حجاج کرام کو حج پیکیج کے مطابق مقررہ سہولتیں فراہم نہ کرنے پر ان کی رقم واپس کرنے کا حکم جاری کردیا گیاہے۔
وزارت حج و عمرہ نے تاکید کی ہے کہ سعودیوں اور مقیم غیر ملکیوں کوفراہم کی جانے والی حج خدمات میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
حج پیکیج کےمطابق سہولتیں فراہم نہ کرنے والے ادارے اور کمپنی کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہو گی۔ داخلی حجاج کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔