ڈاکار ریلی کے لیے سعودی سول ایوی ایشن کی اضافی خدمات
ڈاکار ریلی کے لیے سعودی سول ایوی ایشن کی اضافی خدمات
منگل 4 جنوری 2022 12:46
ڈاکار ریلی میں ہیلی کاپٹرز آپریشن کے لیے مخصوص ایریا فراہم کیا گیا ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ڈاکار ریلی 2022 کے دوران متعدد اضافی فضائی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مملکت کےائیرپورٹس کو تیار کر لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے رپورٹ شائع کی ہےکہ اس سال کی ڈاکار ریلی، سعودی آٹوموبائل فیڈریشن کی نگرانی میں وزارت کھیل کی جانب سے منعقد کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے مسلسل تیسرے سال دنیا بھر کی معروف ریلی کی میزبانی کی جا رہی ہے۔
دنیا بھر میں ہونے والی اس ریلی کے 44 ویں ایڈیشن کے لیے 70 ممالک کے 650 سے زیادہ ڈرائیورز شریک ہیں جو خاص اس مقصد کے لیے آنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے اب تک کی سب سے بڑی ڈاکار ریلی ہے۔
سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ڈاکار ریلی کے لیے جو ائیرپورٹ خدمات فراہم کی گئی ہیں ان میں استقبالیہ کاونٹرز، شرکاء کی آمد اور روانگی کے طریقہ کار کی سہولت اور سفری طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے شعبے شامل ہیں۔
علاوہ ازیں ہیلی کاپٹراینڈ ایئر کرافٹ کمپنی کے ساتھ رجسٹرڈ 15 ہیلی کاپٹروں اور چھ چھوٹے طیاروں کے آپریشن کے لیے مخصوص ایریا فراہم کیا گیا ہے، ان میں سے 10 مقامی طور پر رجسٹرڈ ہیں اور طبی سہولیات میں فضائی سروس کے لیے لائسنس دیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ریلی کے لیے فراہم کی جانیوالی سہولیات میں منتظمین، آپریٹرز اور شرکاء کے لیے اجازت ناموں کے علاوہ ائیرپورٹ سے باہر ری فیولنگ سسٹم اور موسمی حالات سے نمٹنے کے بارے میں تین گائیڈ بک شائع کی گئی ہیں۔
ڈاکار ریلی کے مکمل ہونے تک درکار فضائی ٹریفک کو منظم رکھنے کے لیے سعودی ایئر نیوی گیشن سروسز کمپنی کے ساتھ ہم آہنگی کے علاوہ ائیرپورٹ میں اترنے اور استعمال کرنے کے اجازت نامے جاری کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2022 میں ہونے والی ڈاکار ریلی کا یکم جنوری سے آغاز ہو چکا ہے جو 14 جنوری تک جاری رہے گی۔