بلوچستان کے لوگوں کا احساسِ محرومی صحیح ہے: عمران خان
بلوچستان کے لوگوں کا احساسِ محرومی صحیح ہے: عمران خان
بدھ 5 جنوری 2022 10:23
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’بلوچستان کے لوگوں کو صحیح احساسِ محرومی ہے، کیونکہ اتنا بڑا علاقہ ہے اور وہاں سڑکیں ہی نہیں بنتیں۔‘
بدھ کو ہکلہ ڈی آئی خان موٹر وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہکلہ موٹر وے کو انتہائی فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت علاقے ایک دوسرے سے جڑ جائیں گے جس کے بعد زیادہ سے زیادہ ترقی ہو گی۔
عمران خان نے سڑک کی تعمیر کے اخراجات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سال 2013 کے نسبت گزشتہ سال 2021 میں سستی سڑکیں بنائی جا رہی ہیں جس سے یہ بات عیاں ہے کہ ماضی میں سڑکوں کی تعمیر کرپشن کے لیے کی جا رہی تھی۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ملکوں کی ترقی ہمیشہ اجتماعی ہوتی ہے، کسی خاص طبقے کے لیے نہیں ہوتی۔
انہوں نے بتایا کہ ماضی میں جو ترقی ہوئی وہ لاہور، جی ٹی روڈ، کراچی تک محدود رہی، جس کی وجہ سے دوسرے علاقے پیچھے رہ گئے۔
’مجھے خوشی ہے کہ ہکلہ موٹر وے ان علاقوں کو آپس میں جوڑے گا جو ترقی میں پیچھے رہ گئے ہیں۔‘
عمران خان نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ملک طویل مدتی منصوبہ بندی سے بنتے ہیں۔
’چین اس وقت دنیا میں سب سے تیز ترقی کر رہا ہے، اس نے اگلے 30 سال کا پلان بنایا ہوا ہے۔‘
وزیراعظم کے بقول جب منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھا جاتا ہے تو پورا ملک ترقی کرتا ہے۔ ایسا نہ ہو تو کچھ علاقے ترقی کر جاتے ہیں اور کچھ لوگ امیر ہو جاتے ہیں، باقی پیچھے رہ جاتے ہیں۔
وزیراعظم نے ایک بار پھر ساٹھ کی دہائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہ اس وقت بہترین منصوبہ بندی کے تحت پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا اور اس وقت بڑے بڑے پراجیکٹ مکمل ہوئے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے اس کے بعد کے ادوار میں ایسا نہیں ہوا۔
وزیراعظم نے ڈی آئی اور میانوالی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں جو بھی امیر ہو جائے وہ لاہور یا اسلام آباد شفٹ ہو جاتا ہے کیونکہ وہاں سکول اور ہسپتال بہتر ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ ہکلہ روڈ کی بدولت سات گھنٹے کا فاصلہ کم ہو کر تین گھنٹے کا رہ جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے صحت کارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت اب پنجاب میں بھی 10 لاکھ تک مفت علاج کروایا جا سکے گا۔
عمران خان نے بتایا کہ صحت کارڈ کے تحت نجی ہسپتالوں میں بھی علاج کروایا جا سکتا ہے اس لیے اب چھوٹے علاقوں میں بھی نجی ہسپتال قائم ہوں گے، جو کہ پہلے صرف بڑے شہروں میں ہوتے تھے۔