Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا میاں نواز شریف وطن واپس آ رہے ہیں؟

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف نے جمعرات کو اپنی جلد وطن واپسی کا عندیہ دیا ہے جب کہ ان کے بھائی شہباز شریف نے موجودہ حکومت کے جلد خاتمے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
لاہور میں خواجہ محمد رفیق کی برسی کے موقع پر ہونے والی تقریب سے ٹیلی فونک خطاب میں سابق وزیراعظم نے حاضرین سے کہا کہ ’میں امید کرتا ہوں آپ سے پاکستان میں جلد ملاقات ہو گی۔‘
نواز شریف کی تقریر سے قبل مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر ایاز صادق نے بھی اپنی تقریر میں کہا کہ وہ اگلے ماہ نواز شریف کو لینے لندن جا رہے ہیں۔
 نواز شریف سے اپنے حالیہ دورہ لندن میں ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ  وہ 20 تاریخ (جنوری) کو دوبارہ لندن جائیں گے۔ ’لوگ پوچھ رہے ہیں کہ کیا لے کر جاؤ گے تو میں بتا رہا ہوں میں تو میاں  نواز شریف کو لینے جاؤں گا۔‘
ایاز صادق نے کہا کہ ’میں نواز شریف سے مل کر آیا ہوں میری مسکراہٹ بتا رہی کہ حالات کیا ہیں۔‘
اس موقع پر تقریر میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا دھڑن تختہ ہونےوالاہے، ان کے گھبرانے کا وقت آنے والا ہے۔
نواز شریف کی تازہ تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے مریم نواز نے بھی ایک معنی خیز ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے لکھا ’میں نے سنا ہے آپ ایک کھلاڑی ہیں۔ آپ سے مل کر خوشی ہوئی میں ہی کوچ ہوں۔‘
نواز شریف کب واپس آ رہے ہیں؟
نواز شریف اور ایاز صادق کی طرف سے جلد واپسی کے عندیے کے باجود تجزیہ کاروں کے مطابق ابھی سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کی فضا ہموار نہیں ہوئی ہے۔
اردو نیوز کے رابطہ کرنے پر تجزیہ کار سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے نواز شریف کو عام انتخابات سے قبل واپس آنا ہی پڑے گا تاہم جتنی دیر کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوتی اور معاملات طے نہیں ہوتے اس سے قبل وہ پاکستان نہیں آئیں گے۔
سہیل وڑائچ کے مطابق نواز شریف اس وقت واپس آئیں گے جب موجود حکومت کے جانے کی بات طے ہو جائے گی۔ ’میرا خیال ہے ان (موجودہ حکومت) کے جانے کی بات چیت چل رہی ہے‘۔

سہیل وڑائچ نے آئندہ ایک دو ماہ میں نواز شریف کی واپسی کے امکانات کو خاصا کم قرار دیا۔(فائل فوٹو: اے ایف پی)

تاہم ایک اور سوال کے جواب میں سہیل وڑائچ نے آئندہ ایک دو ماہ میں نواز شریف کی واپسی کے امکانات کو خاصا کم قرار دیا۔
دوسری طرف جب وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور زرداری نے اپنی باقی زندگی بیرون ملک گذارنی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ  نواز شریف اور زرداری جیسے لوگوں نے قرضے لے کر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا، ان کے لیے ہوئے قرضے ہم واپس کر رہے ہیں۔

شیئر: