پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ’حکومت کے لیے آئندہ تین ماہ کافی اہم ہیں۔‘
جمعرات کو وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی چینل دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اپوزیشن اگر تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو ضرور لے آئے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ہماری حکومت کی سب سے بڑی ناکامی احتساب کا نہ ہونا ہے، تمام تر شواہد کے باوجود یہ لوگ بچ کر نکل رہے ہیں۔ شہباز شریف کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، کیا کوئی انکار کرسکتا ہے کہ شہباز شریف نے کرپشن نہیں کی۔‘
مزید پڑھیں
-
فارن فنڈنگ، پی ٹی آئی نے 31 کروڑ سے زائد عطیات چھپائے: رپورٹNode ID: 632656
-
پیپلز پارٹی کا 27 فروری کو حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلانNode ID: 633311
عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں مزید توسیع کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کہا کہ ’آرمی چیف کو مزید توسیع دینے سے متعلق ابھی سوچا نہیں، نومبر کافی دور ہے۔ میرے فوجی قیادت کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔‘
علاوہ ازیں انہوں نے خیبر پختونخوا میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں اپنی پارٹی کی ناکامی کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ ’خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ سے پارٹی کو بہت نقصان ہوا۔‘
’بلدیاتی انتخابات میں ہار پارٹی کی تنظیمی سطح پر بڑی ناکامی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔‘
پنجاب حکومت کی کارگردگی سے وہ مطمئن محسوس ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ’پنجاب حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہوں، ہمارے بہت سے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہو رہی۔‘
’کچھ تقرریوں سے قبل ارتعاش پیدا ہو جاتا ہے۔‘
اردو نیوز نے سیاسی تجزیہ کار اور سینیئر صحافی سہیل وڑائچ سے پوچھا کہ ’عمران خان اپنی حکومت کے لیے آئندہ تین ماہ کو کیوں اہم قرار دے رہے ہیں؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ وہ پہلے بھی ایسی باتیں کرتے آئے ہیں۔‘
