مریم نواز نے مطالبہ کیا کہ ایک نگران جج تعینات کر کے روزانہ کی بنیاد پر تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کی چھان بین کی جائے‘ (فائل فوٹو: مسلم لیگ ن)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ’غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں ہوش اُڑا دینے والے حقائق شامل ہیں۔‘
جمعرات کو لاہور میں مسلم لیگ ن کے اعلٰی سطح کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چہرے سے بچا کھچا نقاب بھی اُتر گیا ہے۔ ان انکشافات سے قوم کا دماغ چکرا گیا ہے۔‘
’اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی تاریخ کے اندر کسی سیاسی جماعت کے خلاف اس طرح کے الزامات نہیں لگے، پی ٹی آئی کے خلاف ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں۔‘
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک نگران جج تعینات کر کے روزانہ کی بنیاد پر تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کی چھان بین کی جائے۔ عمران خان مستعفی ہوں اور تحریک انصاف کے خلاف کارروائی کی جائے۔‘
’پاکستان کا قانون کہتا ہے کوئی پارٹی غیر ملکی فنڈنگ نہیں لے سکتی اور کوئی جماعت غیر ملکی فنڈنگ لیتی ہے تو اس پارٹی کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے اور تحلیل کردیا جاتا ہے۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم بغیر کسی جرم کے سزا کاٹ سکتے ہیں تو پھر عمران خان کے خلاف بھی یہ ہی سلوک کیا جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر جواب دینے کے بجائے کہا جاتا ہے کہ عمران خان برانڈ کو اُجاگر کیا جائے۔‘
’آپ برانڈ ہیں نالائقی، نااہلی، کرپشن، لوٹ مار، بے روزگاری اور غیر قانونی فنڈنگ کے، یہ ہے آپ کا برانڈ۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جس طرح آپ پہلے بھاگتے رہے ہیں اب نہیں بھاگ سکیں گے۔ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے خلاف کارروائی کرے۔‘
مریم نواز نے مزید کہا کہ ’یہ سٹیٹ بینک کے حقائق ہیں کہ تحریک انصاف نے 26 میں سے صرف چار اکاؤنٹس ظاہر کیے ہیں حالانکہ ان میں سے 18 اکاؤنٹس فعال تھے۔‘
’تحریک انصاف نے غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے پر نہ صرف جھوٹ بولا بلکہ اس کی تحقیقات کو سبوتاژ کرنے کی بھی پوری کوشش کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ سات سال تک بھاگتے رہے اور تحقیقات کو آگے بڑھنے سے روکتے رہے۔ آپ نے الیکشن کمیشن کا دائرہ کار چیلنج کردیا۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کے مطابق ’عمران خان نے غیر قانونی فنڈنگ کا پیسہ مسلم لیگ ن کی منتخب حکومت کے خلاف استعمال کیا۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ ن کو کسی ڈیل کی ضرورت نہیں، ڈیل کی ضرورت انہیں ہوتی ہے جن کی جڑیں عوام میں نہیں ہوتیں۔‘
’مسلم لیگ ن کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرائے جائیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’میری آڈیو ٹیپ کرنا غیر قانونی ہے، پہلے تو یہ بتایا جائے کہ میری گفتگو کی خفیہ ریکارڈنگ کیوں کی گئی؟‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کی اتنی بڑی کرپشن پر اپوزیشن کو احتجاج کرنا چاہیے۔‘
’تحریک انصاف کے چار ملازمین کے نام پر غیر قانونی پیسے منگوائے، دفتر کے عملے کے نام پر دھوکے، غبن اور لوگوں سے اینٹھا ہوا پیسہ اور ان کے اکاؤنٹس میں منگوایا۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’اس کا اختیار پارٹی پارٹی چیئرمین عمران خان اور عارف علوی نے دی، غیر ملکی فنڈنگ اکاؤنٹس کے مرکزی دستخط کنندہ عمران خان ہیں اور جعلی سرٹیفیکیٹس الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اور حقائق کو چھپایا گیا۔‘