Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوہ پیمائی کا کھیل تیزی سے مقبولیت کی جانب رواں

سعودی کوہ پیما یہ کھیل سیکھ کر اولمپکس میں حصہ لے سکتے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
کوہ پیمائی سعودی عرب کے لیے نسبتاً نیا کھیل ضرور ہے لیکن یہ تیزی سے مقبولیت بھی حاصل کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  دمام  میں قائم ایک  انڈور کلب  نے اس شعبے میں نئےآنے والوں   اور پیشہ ور افراد کے لیےاپنے دروازے کھول دیئے ہیں۔
سعودی عرب کا پہلا انڈور کلائمبنگ کلب ڈائنو جم ہاٹ سپاٹ بن گیا ہے جہاں کوہ پیمائی میں دلچسپی رکھنے والے افراد پہلی بار اس شعبے میں تجربہ کار اور پیشہ ور افراد کے ساتھ مل سکتے ہیں۔
اس کلائمبنگ جم کے شریک بانی محمد بنجاری نے  بتایا ہے کہ کوہ پیمائی ایک ایسا کھیل ہے جو  کمیونٹی میں ہر عمر کے افراد کے لیے بہترین جسمانی سرگرمی ہے۔
کلب کے شریک بانی کا کہنا ہے کہ  دیگر ممالک میں کلائمبنگ کے کھیل میں مہارت حاصل کرنے کے بعد سعودی عرب واپس آ کر  دوستوں سے پوچھا کہ یہاں یہ کھیل  کیسے متعارف کرایا جائے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ اس کھیل کے لیے ٹیم ورک کی ضرورت ہوتی ہے اور ابتدا میں سوچا کہ شاید اسے زیادہ سنجیدہ نہیں لیا جائے گا۔
کلائمبنگ جم میں 29 سالہ خاتون انسٹرکٹر دانا البوین نے  بتایا ہے کہ یہ صرف جسمانی کھیل ہی نہیں ایک ذہنی کھیل بھی ہے جس میں جسمانی لچک کا مظاہرہ بھی کرنا ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ کھیل جسم میں مزید لچک بڑھانے کے ساتھ کبھی ہمت نہ ہارنا بھی سکھاتا ہے۔

پورے سعودی عرب میں کلائمبنگ جم کو وسعت دینے کی امید ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

جم میں ابتدائی تربیت کے لیے آنے والوں کو بنیادی باتیں جیسا کہ چڑھائی کے دوران گرنے اور زخمی ہونے سے  بچنے کے طریقوں سے روشناس کرایا جاتا ہے۔
بنجاری نے بتایا ہے کہ کسی بھی کھیل کی طرح اس میں بھی  اگر کوئی دلچسپی رکھتا ہے تو وہ سب سے آسان لیولز سے شروع کر سکتا ہے جو  نئے سیکھنے والوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کے بعد پیچیدہ چڑھائیوں کے راستوں پر تربیت دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل اکثر نوجوان سکرین کے سامنے بیٹھ کر زیادہ وقت گزارتے ہیں۔ ماہرین صحت اور کھیل حکام صحت مند طرز زندگی کے  لیے ان افراد کو اٹھنے اور حرکت کرنےکی ترغیب دے رہے ہیں۔

چڑھائی کے دوران گرنے سے  بچنے کے طریقوں سے روشناس کرایا جاتا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

کوہ پیمائی کا یہ کھیل نوجوانوں کو  ڈپریشن کا مقابلہ کرنے میں مدد کر سکتا ہے اور اپنے اندر اعتماد بڑھانے والی صلاحیتیں اور سرگرمیاں ابھار سکتا ہے ۔
ا س کھیل میں ایک سے زیادہ افراد ہی شرکت کرتے ہیں لہذا یہ سماجی تعلقات کو بھی فروغ دیتا ہے اور خاندان کے دیگر افراد یا دوستوں سے روابط بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
بنجاری  کا کہنا ہے کہ کلائمبنگ کے کھیل میں تربیت حاصل کر کے ہم سعودی کوہ پیماؤں کو بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی سطح تک پہنچانے میں مدد کر سکتے ہیں اور اولمپکس میں حصہ لے سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پورے سعودی عرب میں کلائمبنگ جم کی خدمات کو وسعت دینے کی امید رکھتے ہیں۔
 

شیئر: