Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم سرما میں ہائیکنگ اور پیدل سفر کی مقبولیت میں اضافہ

طائف، ابھا اور القدیہ جیسے پہاڑی علاقوں میں کوہ پیمائی کے ایونٹ ہوئے ہیں۔(فوٹو سعودی گزٹ)
سعودی عرب کے لئے   ہائیکنگ نسبتاً  نئی بات ہے لیکن اس کی مقبولیت خاص طور پر نوجوانوں میں بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق بہت سے نوجوان اپنے اس شوق کے ذریعے مملکت کے ماحولیاتی حالات اور یہاں موجود مواقع سے پرجوش انداز میں لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
سعودی سیاحتی اتھارٹی’’ایس ٹی اے‘‘ نے رواں سال 10دسمبرکو مملکت بھر کی17سے زائد منازل میں ’’سعودی موسم سرما‘‘ کا اعلان کیا تھا جو مارچ 2021 کے آخر تک جاری رہے گا۔

جبل سودا 3ہزارمیٹر بلند ہے جو ہائیکنگ کے لیے پسندیدہ مقام ہے۔(فوٹو سعودی گزٹ)

اس ایونٹ کا مقصد معاشرے میں پیدل سفر اورپہاڑوں کی سیرکی ثقافت کو فروغ دینا اور لوگوں کو سعودی عرب کے جغرافیائی خدوخال سے متعلق تعلیم دینا ہے۔
سعودی موسم سرما، پیدل سفر کے شائقین کو مربوط ایونٹ کے ناقابل فراموش تجربے کا شاندار موقع فراہم کرتا ہے۔
ریاض میں ہائیک میکس ٹور آپریٹرکے چیف ایگزیکٹیو آفیسرمحمد جمیل نے کہا کہ ہائیکنگ کی عمومی مقبولیت میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں۔
ان میں قدرتی مناظر، سعودی عرب کے پہاڑی اور ریتلے خطے جو موسم سرما میں ٹھنڈک اور خوبصورتی جیسی خصوصیات کا مرکز بن جاتے ہیں نیز سیاحتی تجربہ جو سعودی عرب میں سیاحت کے لحاظ سے کسی حد تک نیا ہے، اس سب کے ساتھ خدمات کی مکمل فراہمی بھی ہائیکنگ کی مقبولیت میں اضافے کا سبب ہے۔

موسم سرما پیدل سفر کے شائقین کو ناقابل فراموش تجربے فراہم کرتا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

سعودی عرب کے پہاڑی علاقوں میں پیدل سفر اور کوہ پیمائی کے متعدد ایونٹس ہوئے ہیں جو  طائف، ابھا اور القدیہ جیسے پہاڑی علاقوں میں کئے گئے ہیں۔
مملکت میں موسم سرما کے دوران پیدل سفر، دنیا میں کسی بھی مقام پر کی جانے والی ہائیکنگ کے مقابلے میں ایک مختلف تجربہ ہے۔
شمال کی جانب بڑھیں تو تبوک کے قریب تازہ برف کی تہ کےنیچے دبی ایک سے دوسری جگہ اڑنے والی ریت کو خاموش  اور منجمد دیکھنے کا بہترین موقع  میسر آتا ہے۔
ابھا کے نزدیک عسیر نیشنل پارک میں جبل سودا موجود ہے جس کے بارے میں خیال ہے کہ یہ سعودی عرب کی سب سے بلند ترین چوٹی ہے۔
جبل سودا 3 ہزار میٹر بلند ہے جو کوہ پیماؤں، پیدل سفر اور کیمپنگ کے شائقین کو اپنے پسندیدہ مقامات کے انتخاب کی پیشکش کرتی ہے۔

عسیر ریجن’’سعودی کلائمبنگ اینڈ ہائیکنگ فیڈریشن‘‘کےسیاحتی مقامات میں شامل۔(فوٹو ٹوئٹر)

یہاں پر تجربہ کار ہائیکرز پگڈنڈی کے ذریعے چوٹی سے نیچے جا سکتے ہیں تاہم چوٹی کے قریب بڑا راستہ موجود ہے جہاں چہل قدمی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب ’’دنیا کا کنارا‘‘ جسے مقامی لوگ ’’سٹریچ‘‘ بھی کہتے ہیں، دنیا کے انتہائی حسین اور منفرد مقامات میں سے ایک ہے۔
یہ سعودی سیاحتی اتھارٹی کی جانب سے سعودی موسم سرما کے اقدام کیلئے تیار کی گئی  فہرست میں شامل ہے۔ پیدل سیاحتی سفر کے لئے وقف کئے جانے والے17مقامات اس فہرست میں شامل ہے۔
عسیر ریجن کے تنومہ گورنریٹ میں موجود الشرف پارک’’سعودی کلائمبنگ اینڈ ہائیکنگ فیڈریشن‘‘کی جانب سے کھولے جانے والے نئے سیاحتی مقامات میں شامل ہے۔
طائف کی قریب’’ دکا ماؤنٹین‘‘ایک اور پسندیدہ مقام ہے۔ یہ حجاز کے پہاڑی ریجن کی ایک توسیع ہے جو سمندر سے 2500 میٹر بلند ہے۔
اس کا قدرتی حسن یہاں آنے والوں کو دعوت نظارہ دیتاہے اور مہم جوئی کے لئے اپنی جانب راغب کرتی ہے۔
’’سعودی موسم سرما‘‘ 300 کے لگ بھگ پیکیجز اور تجربات فراہم کرتا ہے جو 200 سے زائد نجی اداروں کی جانب سے پیش کئے جاتے ہیں۔
یہ مہم سعودی باشندوں، مقیم غیرملکیوں کو اپنے اہل خانہ اور خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ، گروپوں کی شکل میں یا انفرادی طور پر اور جی سی سی ممالک کے باشندوں کو دعوت دیتی ہے کہ وہ مملکت کے جغرافیائی اور موسمی حالات کا سراغ لگائیں۔
 

شیئر: