Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمارٹ روبوٹ مسجد الحرام میں آب زم زم کی بوتلیں تقسیم کرنے لگا

روبوٹ  8 گھنٹے کی مسلسل ڈیوٹی دیتا ہے- (فوٹو حرمین جنرل پریذیڈنسی ٹوئٹر)
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی بوتلوں کی تقسیم کا کام شروع کرادیا- انتظامیہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کررہی ہے- روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی تقسیم کا اقدام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے-
حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی  اور الاخباریہ نیٹ کے مطابق سیکریٹری ادارہ آب زم زم بدر اللقمانی نے کہا کہ سمارٹ روبوٹ ٹیکنالوجی کورونا وائرس کے ماحول میں بے حد اہم اور محفوظ طریقہ کار ہے- انسانی مداخلت کے بغیر آب زم زم کی تقسیم محفوظ طریقے سے ہورہی ہے- اس کی بدولت کارکنان بھی وائرس لگنے سے محفوظ رہتے ہیں اور زائرین کو بھی تحفظ حاصل رہتا ہے-
اللقمانی نے کہا کہ روبوٹ دس منٹ میں ایک چکر پورا کرتا ہے- اس دوران  30 بوتلیں زائرین کی خدمت میں پیش کردیتا ہے- روبوٹ  8 گھنٹے کی مسلسل ڈیوٹی دیتا ہے- آب زم زم کی بوتل لینے کے لیے 20 سیکنڈ  انتظار کرتا ہے- زائرین سے نہ تو الجھتا ہے اور نہ ہی نقل و حرکت میں تعطل پیدا کرتا ہے- سمارٹ روبوٹ متعدد سرٹیفکیٹ یافتہ ہے- یورپ سے سی ایس بھی حاصل کیے ہوئے ہے-
اللقمانی نے کہا کہ مسجد الحرام میں سمارٹ روبوٹ سے بڑے پیمانے پر فائدہ اٹھانے کا پروگرام بنایا جارہا ہے- علاوہ ازیں اس سے اور بھی متعدد خدمات لی جائیں گی-
اللقمانی نے توجہ دلائی کہ  جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں جو کچھ بھی نیا آرہا ہے ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں- ہماری کوشش ہے کہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے مسجد الحرام اور اس کے زائرین کی خدمت کی جائے-
آب زم زم کی سبیل کے سلسلے میں بھی ایسی ٹونٹیاں لگائی جارہی ہیں جو چھوئے بغیر ریموٹ سینس سے کام کرتی ہوں-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: