واشنگٹن...امریکی خفیہ ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں نے لیپ ٹاپس اور دیگر الیکٹرانک آلات کے اندر بارودی مواد چھپانے کے طریقے ڈھونڈ نکالے ہیں۔ دستی سامان میں لیپ ٹاپس کی پابندی کا فیصلہ انٹیلیجنس معلومات کی بنا پر کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دہشت گرد تنظیموں نے ہوائی اڈوں پر جانچ پڑتال کے لئے استعمال ہونے والے آلات حاصل کر لئے۔ یہ تنظیمیں یہ جانچنا چاہتی تھیں کہ کیا ہوائی اڈوں پر نصب نظام الیکٹرانک آلات چھ±پائے گئے بارودی مواد کی جانچ کر سکتا ہے یا نہیں۔ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے نے ان اطلاعات کی تصدیق تو نہیں کی تاہم کہا کہ مخصوص انٹیلیجنس معلومات کھلے عام زیرِ بحث نہیں لاتے انٹلیجنس معلومات کے تجزیے سے ہمیں پتہ چلا ہے کہ دہشت گرد گروپ مسافر بردار طیاروں کو ہدف بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس میں الیکٹرانک آلات میں رکھ کر بارودی مواد اسمگل کرنا شامل ہے۔ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے نے 21 مارچ کو فضائی کمپنیوں کو نئی پالیسی کی تفصیلات سے آگاہ کیا تھا۔ اس پالیسی کے تحت مشرقِ و±سطیٰ کے8 ممالک کے 10ہوائی اڈوں سے امریکا جانے والے مسافروں پر یہ پابندی لگائی گئی تھی کہ وہ اپنے دستی سامان میں لیپ ٹاپس اور بڑے سائز کے الیکٹرانک آلات لے کر نہیں جا سکتے۔ بعد ازاں برطانیہ نے بھی اس سے ملتی جلتی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔