Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بری کارگو فیس میں 25 فیصد اضافہ

ٹرانسپورٹ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کے  نرخ مسلسل بڑھ رہے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
بری نقل و حمل کی کمپنیوں نے کارگو فیس میں 25 فیصد اضافہ کردیا ہے- کمپنیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایسا کرنے پر مجبور تھیں- اضافے کی شرح  20 سے  25 فیصد تک بتائی جا رہی ہے-
عکاظ اخبار کے مطابق بری ٹرانسپورٹ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ پٹرول، ڈیزل، فاضل پرزہ جات، بیٹری اور ٹائرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور ان کے کام کے لیے بہت ضروری ہیں، اس لیے اضافہ ناگزیر تھا-
کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ’پٹرول اور ڈیزل کے  نرخ مسلسل بڑھ رہے ہیں- فاضل پرزوں کے نرخوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہورہا ہے- پٹرول اور ڈیزل کا معاملہ ایسا ہے کہ اس کے بغیر ہمارا کوئی کام ہو ہی نہیں سکتا-‘
الشرقیہ ایوان صنعت و تجارت میں لاجسٹک کمیٹی کے چیئرمین راکان العطیشان نے کہا کہ بری نقل و حمل کی کمپنیوں کے کارگو چارجز میں کمی بیشی متعدد امور سے جڑی ہوئی ہے- پٹرول کے نرخوں میں  21 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے- ڈیزل پہلے ایک لٹر 52 ھللہ میں دستیاب تھا اب 65 ھللہ قیمت ہوچکی ہے- پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں حالیہ اضافہ بڑی مشکلات پیدا کررہا ہے- ٹرانسپورٹ میں ڈیزل کے بغیر بات نہیں بنتی- فاضل پرزوں کے نرخوں میں  20 تا  30 فیصد تک اضافہ ہوا ہے- عالمی منڈیوں میں پٹرول کے نرخ مسلسل بڑھ رہے ہیں اس کا اثر اندرون ملک نرخوں پر بھی پڑ رہا ہے- موبل آئل، بیٹری وغیرہ بھی مہنگی ہوچکی ہیں-
بری ٹرانسپورٹ کمپنی کے مالک فایز الیوسف نے کہا کہ ڈیزل کے نرخ بری کارگو پر بہت زیادہ اثرات ڈال رہے ہیں- کارگو فیس میں جو اضافہ ہوا ہے وہ بالکل مناسب ہے- انہوں نے کہا کہ کارگو کی اوسط فیس 400 تا 650 ریال ہوچکی ہے- جو پہلے 300 تا 500 ریال تھی- یہ فیس دمام، ریاض روٹ کی ہے جبکہ بھاری ٹرانسپورٹ کی فیس 900 تا 1100 ریال ہوچکی ہے- یہ پہلے  700 سے 800 کے درمیان ہوتی تھی-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: