Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد کا شیخ محمد بن زاید کو فون، امارات پر حوثی حملے کی مذمت

شہزادہ محمد بن سلمان نے اماراتی ولی عہد سے رابطہ کیا تھا- (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے متحدہ عرب امارات پر حوثی حملے کی مذمت کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ولی عہد نے امارات پر ایرانی حمایت یافتہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے کیے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی-
حوثیوں کے ابوظبی پر حملے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کی ان کارروائیوں سے مملکت اور امارات کے عزم اور حوصلے کو پست نہیں کیا جا سکے گا- 
جاری کیے گئے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ان دہشت گرد حملوں سے دونوں ملکوں کے اس عزم کو مزید تقویت ملتی ہے کہ وہ ان جارحانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے مل کر کام کریں۔
ان حملوں کے ذریعے حوثی خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے اور افراتفری پھیلانے کی کوشش میں ہیں۔
ولی عہد نے امارات میں ہونے والی دہشت گردی کی ان کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمی ہونے والوں کی جلد شفا یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا-
اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: