واشنگٹن ...امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا چین کے بغیر بھی شمالی کوریا کی جانب سے جوہری اسلحے کے خطرے سے نمٹ لے گا۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمزکو انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ چین شمالی کوریا کا مسئلہ حل نہیں کرتا تو ہم کریں گے۔ اس مسئلے کو حل کر سکتے ہیں۔امریکی صدر نے مزید کہا چین کا شمالی کوریا پر بہت اثر و رسوخ ہے۔ چین کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ شمالی کوریا سے نمٹنے میں ہماری مدد کرے گا یا نہیں۔ اگر وہ مدد کرتا ہے تو یہ چین کے لئے بہت اچھا ہوگا اگر وہ نہیں کرتا ہے تو یہ کسی کے لئے بھی اچھا نہیں ہوگا۔امریکی صدر شمالی کوریا کے میزائل پروگرام پر سخت موقف رکھتے ہیں۔امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن یہ کہ چکے ہیں کہ دشمن کو ناکام بنانے کے لئے پیشگی فوجی کارروائی بھی زیر غور ہے۔