کشمیریوں کی حمایت پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں
دہشتگردی کے خلاف اسلامی عسکری اتحاد کی حمایت کرتے ہیں، عبدالرشید ترابی
ریاض (جاوید اقبال) عبدالرشید ترابی امیر جماعت اسلامی اور رکن قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری دہشتگردی کے خلاف بنائے جانے والے اسلامی افواج کے اتحاد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ ریاض میں اپنے اعزاز میں کشمیری کمیونٹی کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔ عبدالرشید ترابی نے کہاکہ مملکت نے اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کی ہے جس کےلئے جموں و کشمیراور آزاد کشمیر کے مسلمان خادم حرمین شریفین کی حکومت کے تہہ دل سے ممنون ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف قائم ہونے والے اسلامی عسکری اتحاد پر بات کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اگر نیٹو کی افواج بین الاقوامی سطح پر اپنا کردارادا کرسکتی ہے تو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عالم اسلام کی متحدہ عسکری قوت کیوں اپنا کردارادا نہیں کرسکتی۔