لاہور پریس کلب کے سامنے صحافی حسنین شاہ کا ’بہیمانہ قتل‘
حسنین شاہ نجی چینل کے ساتھ بطور کرائم رپورٹر وابستہ تھے۔
لاہور میں پولیس کے مطابق لاہور پریس کلب کے سامنے صحافی حسنین شاہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے حسنین شاہ کے قتل کو بہیمانہ فعل قرار دیتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ ’ قاتل جلد قانون کی گرفت میں ہوں۔‘
پولیس کے مطابق پیر کی شام کو حسنین شاہ کو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ پریس کلب کے باہر اپنی گاڑی میں موجود تھے۔
حسنین شاہ نجی ٹی وی چینل کیپیٹل نیوز کے ساتھ بطور کرائم رپورٹر وابستہ تھے۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹس اور لاہور پریس کلب کے عہدیداران نے حسنین شاہ کے قتل پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے صحافی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اس واقعے کی تحقیقات اپنی نگرانی میں کروائیں۔
آئی جی پنجاب نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں لگے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کو یقینی بنائیں۔
سی سی پی او فیاض احمد دیو نے ہدایت کی ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔