موڈرنا کا اومی کرون کے لیے بوسٹر خوراک کے ٹرائل کا آغاز
جمعرات 27 جنوری 2022 6:39
موڈرنا نے بوسٹر خوراک بالخصوص اومی کرون سے بچاؤ کے لیے تیار کی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
امریکی دواساز کمپنی موڈرنا نے کورونا وائرس کے اومی کرون ویریئنٹ کا مقابلہ کرنے کی غرض سے ویکسین کی بوسٹر خوراک کے ٹرائل کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق موڈرنا کمپنی نے بدھ کو اعلان کیا کہ بوسٹر ڈوز کے کلینکل ٹرائلز 600 بالغ افراد پر کیے جائیں گے جن میں سے نصف کو کم از کم چھ ماہ پہلے موڈرنا ویکسین کی دو خوراکیں لگ چکی ہیں، جبکہ نصف کو دو خوراکوں کے علاوہ بوسٹر ڈوز بھی لگ چکی ہے۔
موڈرنا ویکسین کی نئی بوسٹر ڈوز بالخصوص اومی کرون ویریئنٹ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے جس کی افادیت کا جائزہ تیسری اور چوتھی خوراک کے طور پر لیا جائے گا۔
موڈرنا کمپنی پہلے سے منظور شدہ بوسٹر خوراک کے اومی کرون ویریئنٹ کے خلاف مؤثر ہونے سے متعلق بھی رپورٹ پیش کر چکی ہے۔ کمپنی نے کہا تھا کہ بوسٹر ڈوز لگوانے کے 29 دن بعد انسان کے جسم میں اومی کرون کے خلاف پیدا ہونے والی اینٹی باڈیز کے مقابلے میں چھ ماہ بعد چھ گنا کمی واقع ہو جاتی ہے۔ تاہم انجیکشن لگوانے کے چھ ماہ بعد بھی انسان کے جسم میں اینٹی باڈیز کی شناخت کی جا سکتی ہے۔
یہ ڈیٹا 20 لوگوں کے خون کے نمونوں پر تحقیق کے بعد حاصل کیا گیا تھا جن کو 50 مائیکرو گرام کی بوسٹر ڈوز لگائی گئی تھی۔
موڈرنا کمپنی کے سربراہ سٹیفن بانسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ منظور شدہ بوسٹر ڈوز چھ ماہ تک اومی کرون کے خلاف مؤثر ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اومی کرون کے طویل مدتی خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ویریئنٹ کے لیے مخصوس بوسٹر شاٹ تیار کیا گیا ہے جس کی سٹڈی سے متعلق دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے۔
موڈرنا کی جانب سے جاری اس بیان سے ایک دن قبل فائزر نے اعلان کیا تھا کہ اومی کرون کے علاج کی غرض سے تیار کردہ ویکسین کے کلینکل ٹرائلز میں حصہ لینے کے لیے بھرتی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ موڈرنا اور فائزر کمپنی کی ویکسین آر این اے ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کی گئی ہے جس کے تحت ویکسین کو وائرس کی بدلتی ہوئی قسم کے مطابق تبدیل کرنا قدرے آسان ہوتا ہے۔