Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’برطانیہ کو آزاد کر رہے ہیں‘، سفر سے قبل ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان

سفر سے قبل ٹیسٹنگ کی شرط 11 فروری سے ختم ہوگی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
برطانوی حکومت نے ویکسین شدہ افراد کے لیے سفر سے قبل کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کو ٹریول انڈسٹری نے معمول کی طرف بڑا قدم قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے ’یہ دکھانے کے لیے کہ یہ ملک کاروبار اور مسافروں کا خیر مقدم کرتا ہے، آپ رد و بدل دیکھیں گے تاکہ آنے والے افراد کو ویکسین لگنے کی صورت میں ٹیسٹ نہ کروانا پڑے۔‘
برطانوی ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شاپس کا کہنا ہے کہ ’ویکسین شدہ افراد کے لیے ٹیسٹ کروانے کی شرط ختم ہونے کا اطلاق 11 فروری سے ہوگا، جس وقت سکول کے بچوں کی مڈ ٹرم کی چھٹیوں کا آغاز ہوتا ہے۔‘
گرانٹ شاپس کا کہنا ہے کہ ’ویکسین شدہ مسافروں کے لیے بارڈر ٹیسٹنگ کی اب ضرورت نہیں ہے۔‘
’آج ہم برطانیہ کو آزاد کر رہے ہیں۔‘
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لگنے والی پابندیوں سے سفر و سیاحت کی کمپنیاں متاثر ہوئی ہیں اور انہوں نے حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے، جو برطانیہ کو بین الاقوامی سفر کے لیے کھول دے گا۔
برطانیہ کی رجسٹرڈ ایئرلائنز کے لیے کام کرنے والی کمپنی ایئرلائنز یو کے کے چیف ایکزیکٹیو ٹم آلڈرسلیڈ کا کہنا ہے کہ یہ ایک ’تاریخی دن تھا۔‘
کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی پابندیوں کے اعلان کے تقریباً دو سال بعد، آج کے اعلان نے بین الاقوامی سفر کو مکمل طور پر ویکسین شدہ افراد کے لیے معمول سے قریب کردیا ہے۔

بجٹ ایئرلائنز ایزی جیٹ کے ایک سربراہ کے مطابق پابندیوں نے برطانیہ میں اومی کرون کے پھیلاؤ کو ہلکا نہیں کیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

بجٹ ایئرلائنز ایزی جیٹ کے سربراہ جوآن لوندگرین کا کہنا ہے کہ ’سفر کے لیے ٹیسٹ کروانا اب ماضی کی بات بن جانا چاہیے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ واضح ہوگیا ہے کہ پابندیوں نے برطانیہ میں اومی کرون کے پھیلاؤ کو ہلکا نہیں کیا ہے اور اس لیے ضروری ہے کہ اب مستقبل کے ویریئنٹس کے لیے سخت ردِعمل نہ اختیار کیا جائے۔‘
اس وقت وہ مسافر جنہوں نے ویکسین کی کم از کم دو خوراکیں لگوائی ہیں، ان کے لیے برطانیہ پہنچنے کے دو روز کے اندر اندر کورونا وائرس کی ٹیسٹ کروانا لازمی ہے۔ غیر ویکسین شدہ افراد کے لیے ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی شرائط مزید سخت ہیں۔
واضح رہے کہ ٹیسٹنگ کی شرط ویکسین شدہ افراد اور 18 سال کے کم عمر بچوں کے لیے ختم کی جارہی ہے۔
برطانیہ میں غیر ویکسین شدہ افراد کے لیے بھی پابندیوں میں سختی کم کی جارہی ہے۔ انہیں ملک سے آنے جانے کے وقت ٹیسٹ کروانا ہوگا لیکن قرنطینہ میں نہیں جانا ہوگا۔
بورس جانسن کی حکومت ماسک اور دیگر پابندیاں بھی رواں ہفتے ختم کر رہی ہے اور اب ان کا انحصار ویکسینیشن اور بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ پر ہے تاکہ وائرس پر قابو پایا جاسکے۔
برطانوی حکومت انگلینڈ کے لیے عوامی صحت کی پالیسی کی ذمہ دار ہے۔
برطانیہ کے دیگر حصے جیسا کہ سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آیئرلینڈ اپنے قوانین خود طے کرتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سفر کے لیے وہ انگلینڈ کی پالیسی اپنائیں گے۔

شیئر: