ہسپتالوں میں زیر علاج کورونا کے مریض کون ہیں؟
اتوار 30 جنوری 2022 10:57
’جنہوں نے بوسٹر ڈوز لے رکھی ہے اور وہ زیر علاج ہیں ان کی تعداد صرف 3 ہے‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
ہسپتالوں میں زیر علاج کورونا کے مریضوں کی اکثریت کا تعلق ان افراد سے ہے جنہوں نے ویکسین کی خوراکیں مکمل نہیں کیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے مختلف ہسپتالوں میں 878 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 712 افراد ایسے ہیں جنہوں نے ویکسین کی خوراکیں مکمل نہیں کیں۔
وزارت صحت کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ’وزارت کی طرف سے جاری ہونے والی روزانہ رپورٹ میں ایسے مریضوں کی تعداد بتائی جاتی ہے جن کی حالت نازک ہے‘۔
’وزارت واضح کرنا چاہتی ہے کہ آخر وہ کون مریض ہیں جو ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور جن کی حالت نازک بتائی جاتی ہے‘۔
’ہفتہ 29 جنوری تک ایسے مریضوں کی کل تعداد 878 تھی، ان میں سے 712 مریض ایسے ہیں جنہوں نے ویکسین کی کوئی خوراک نہیں لی‘۔
’119 مریض زیر علاج ہیں جنہوں نے صرف ایک خوراک لے رکھی ہے جبکہ 33 مریض ایسے ہیں جنہوں نے دو خوارکیں لے رکھی ہیں مگر آخری خوراک کو 6 ماہ سے زائد کا عرصے گزر چکا ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’پورے ملک میں صرف 6 مریض ایسے ہیں جنہوں نے دو خوراکیں لے رکھی ہیں اور آخری خوارک کو ابھی 6 مہینے کا عرصہ نہیں گزرا‘۔
’اسی طرح ایسے مریض جنہوں نے بوسٹر ڈوز لے رکھی ہے اور وہ زیر علاج ہیں ان کی تعداد صرف 3 ہے‘۔