کورونا وبا سے سیاحت کے شعبے سے وابستہ خواتین بھی متاثر
خواتین کا نقصان پورا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
عالمی ادارہ سیاحت میں مشرق وسطی کی ریجنل ڈائریکٹر بسمہ المیمان نے کہا ہے کہ ’کورونا وبا کے باعث شعبہ سیاحت سے منسلک خواتین متاثر ہوئی ہیں۔ وبا کے بعد خوشحالی کی سکیموں میں خواتین کا نقصان پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘۔
الاقتصادیہ کے مطابق بسمہ المیمان نے بتایا کہ’ مشرق وسطی میں سیاحت کے شعبے میں کام کرنے والی خواتین کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے رکن ملکوں کو سفارشات دی جا رہی ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ’ مشرق وسطی میں سیاحت کی 8 فیصد کارکنان خواتین ہیں جبکہ عالمی سطح پر سیاحت کے شعبے سے منسلک کارکنان میں 54 فیصد خواتین ہیں‘۔
مشرق وسطی کی ریجنل ڈائریکٹر نے کہا کہ ’عالمی ادارہ سیاحت رکن ملکوں کو تکنیکی مدد دے رہا ہے۔ سیاحتی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مسابقے کرا رہا ہے‘۔
بسمہ المیمان کا کہنا ہے کہ ’تین عرب دیہات نے بہترین قریہ ایوارڈ جیتا ہے۔ ان میں سے ایک کا تعلق مملکت سعودی عرب سے ہے, رجال المع کو بہترین قریہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ لبنان کے بکاسین اور سلطنت عمان کے مسفاۃ العبریین نے بھی یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مملکت نے عالمی ادارہ سیاحت کے تعاون سے پہلی اکیڈمی برائے تعلیم و تربیت قائم کی ہے‘۔