منی لانڈرنگ میں ملوث افراد پر ایک سو ملین ریال جرمانہ، دو بلین ریال ضبط
اتوار 30 جنوری 2022 13:22
’ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین کو ترسیلات زر کی سہولت فراہم کرتے تھے‘ (فوٹو: سبق)
منی لانڈرنگ کیس میں ملوث دو افراد کو قید کی سزا کے علاوہ دو بلین ریال ضبط اور 100 ملین ریال جرمانہ عائد کرنے کا ابتدائی فیصلہ ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’مذکورہ کیس میں ایک شہری اور ایک غیر ملکی کو گرفتار کیا گیا ہے‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد نے اجازت نامہ حاصل کئے بغیر صرافہ کا کاروبار کیا اور ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ترسیلات زر کی سہولت فراہم کرتے رہے‘۔
’ملوث افراد نے غیر قانونی تجارت کے علاوہ منشیات کا کاروبار بھی کیا ہے۔ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھیجی جانے والی رقم کی مالیت دو بلین ریال کے قریب ہے‘۔
’مذکورہ رقم سعودی شہری کے نام سے متعدد ملکوں میں ٹرانسفر کی گئی تاکہ اس پر قانونی رنگ چڑھایا جائے اور اسے تجارتی لین دین کی رقم قرار دیا جائے‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’دونوں ملوث افراد کو گرفتار کرکے انہیں قید کیا گیا ہے۔ بیرون ملک ٹرانسفر کی جانے والی رقم کے برابر یعنی دو بلین ریال ضبط کئے گئے ہیں‘۔
’جرم میں ملوث ہونے پر تجارتی ادارے اور افراد پر ایک سو ملین ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے‘۔
’نیز شہری کو سزا کی مدت پوری کرنے کے بعد بلیک لسٹ کردیا گیا ہے جبکہ غیر ملکی کو سزا کی مدت کے بعد ملک سے بیدخل کر کے اسے بلیک لسٹ کردیا گیا ہے‘۔