Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی بزنس مین بچپن کی یادیں تازہ کرنے سعودی عرب میں

السعودیہ نے امریکی بزنس مین کو خصوصی مہمان کا درجہ دیا ہے ( فوٹو اخبار24)
امریکی بزنس مین ’سیڈ فرٹس‘ اپنے بچپن کی یادیں تازہ کرنے سعودی عرب پہنچے ہیں۔
 سعودی ایئرلائن (السعودیہ) نے امریکی بزنس مین سیڈ فرٹس کو خصوصی مہمان کا درجہ دیا جس پر انہوں نے ایئرلائن کا شکریہ ادا کیا۔ 
اخبار 24 کے مطابق سوشل میڈیا پروائرل ایک سعودی سیاح کی ویڈیو جس میں ’سیڈ فرٹس‘ نامی امریکی شہری کو دکھایا گیا تھا جو سعودی عرب میں گزرے اپنے بچپن کی یادیں بیان کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گیا۔
ویڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ سیڈ سعودی مہمانوں سے مل کرآبدیدہ ہو گئے۔ اس دوران انہوں نے بچپن کے ان ایام کا ذکر کیا جب وہ اپنے والد کے ہمراہ 1978 سے 1985 تک مملکت میں مقیم تھے۔
سیڈ فرٹس کا کہنا تھا کہ وہ ان ایام کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے جب وہ سعودی عرب میں اپنے والدین کے ساتھ رہتے تھے۔ برسوں گزر جانے کے باوجود وقت کی گرد ماضی کی یادوں کو نہ مٹا سکی۔
امریکہ میں سعودی سیاح کو سیڈ فرٹس نے اپنے گھر کا دورہ کرایا جہاں اس نے ایک کمرے کو سعودی عرب کی اشیا سے سجا رکھا تھا جن میں عربی طرز کی بیٹھک اور ستر کی دھائی میں مروجہ اشیا رکھی تھیں۔ 
امریکی بزنس مین نے ماضی کی ان اشیا کو ابھی تک محفوظ رکھا تھا جو اس کے والد نے کبھی سعودی عرب میں قیام کے دوران خریدی یا جمع کی تھیں۔ ان اشیا میں ایک نادر کتاب بھی تھی جو شہد کی صنعت کے حوالے سے تھی یہ کتاب اس کے والد نے جدہ کے ایک بازار سے خریدی تھی جو سو برس قبل لکھی گئی تھی۔ 
سیڈ نے اپنے سعودی مہمانوں کے لیے جورجیا ریاست کے پہاڑی تفریحی مقام پرخصوصی پکنک کا بھی اہتمام کیا تھا جو خالصتا عربی سٹائل میں تربیت دی گئی تھی۔ 
امریکی شہری کی ویڈیو وائرل ہونے پر سعودی ایئر لائن کی جانب سے انہیں خصوصی مہمان کے طور پر مملکت آنے کی دعوت دی اور وہ عرصہ دراز کے بعد اپنے عہد رفتہ کی یادیں تازہ کرنے مملکت پہنچ گئے۔ 

 

شیئر: