’عربی قہوہ‘ کے بجائے ’سعودی قہوہ‘ کہا اور لکھا جائے
اتوار 30 جنوری 2022 14:57
’وزارت نے ’عربی قہوہ‘ کا نام اور برانڈ استعمال کرنے سے منع کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت تجارت نے تمام ریستورانوں، کیفے شاپس اورکافی فروخت کرنے والے تجارتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ’عربی قہوہ‘ کے بجائے مذکورہ کافی کو ’سعودی قہوہ‘ کہا اور لکھا جائے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے ’عربی قہوہ‘ کا نام اور برانڈ استعمال کرنے سے منع کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزارت ثقافت نے 2022 کو ’سعودی قہوہ‘ کا سال قرار دیا ہے جس کے تحت اس کافی کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی طرف سے گزشتہ دنوں جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی شہری مذکورہ نوعیت کی کافی پر سالانہ 266 ملین ڈالر خرچ کرتے ہیں۔
سعودی حکومت اس کوشش میں ہے کہ ملک کی 13 کمشنریوں کو کافی کی پیداور میں آگے بڑھایا جائے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ کافی استعمال کی جاتی ہے۔