عمران خان کا ابو ظبی کے ولی عہد سے رابطہ، حوثی حملے کی مذمت
عمران خان نے ابوظبی پر حوثیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ابو ظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
منگل کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اس ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے 30 جنوری کو یو اے ای پر حوثیوں کی جانب سے میزائل حملے کی کوشش کی مذمت کی۔
انہوں نے ایئر ڈیفنس کے بروقت ردعمل کو بھی سراہا کہ اس کی بدولت کئی قیمتی جانیں بچیں۔
وزیراعظم نے یو اے ای کی قیادت، حکومت اور وہاں کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے پچھلے چند روز کے دوران حوثیوں کے حملوں میں تیزی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ بھی قرار دیا۔
عمران خان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں جاری گا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات کی چیت کی گئی اور اعلٰی سطح پر مشاورت اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔