سعودی ولی عہد کے لیے امارات کا اعلیٰ ترین سول اعزاز
سعودی ولی عہد کے لیے امارات کا اعلیٰ ترین سول اعزاز
منگل 7 دسمبر 2021 18:46
مذاکرات میں متعدد علاقائی اور بین الاقوامی مسائل زیر بحث آئے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو متحدہ عرب امارات کے سب سے اعلیٰ سویلین اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان یو اے ای کے دورے پر ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید کی طرف سے امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے انہیں اعلیٰ سویلین اعزاز پیش کیا۔
یہ اعزاز شاہوں، صدور اور ریاست کے سربراہوں کو تاریخی اور دو طرفہ بہترین تعلقات کے ضمن میں خیرسگالی کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خلیجی ممالک کے دورے کے دوسرے مرحلے میں منگل کو سلطنت عمان سے ابو ظبی پہنچے۔
امارت کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے سعودی ولی عہد کا خیر مقدم کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان اور شیخ محمد بن زاید نے قصر الوطن میں مذاکرات کیے۔
دونوں ملکوں کے گہرے برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون کی جہتوں اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان سٹریٹجک شراکت کے تناظر میں مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی حالات کا بھی جائزہ لیا ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کے اپنے دوسرے گھر امارات میں خوش آمدید کہا جبکہ سعودی ولی عہد نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید، نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو امارات کے قیام کی سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔
مذاکرات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک تعاون کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی عرب اورامارات باہمی مفادات، مشترکہ جدوجہد، تعاون اورافہام وتفہیم کی بنیادوں پرتعلقات استوارکیے ہوئے ہیں۔
دونوں رہنماوں نے مشترکہ عرب جدو جہد اورمشترکہ خلیجی پروگرام کو موثر بنانے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
مذاکرات میں دونوں ملکوں کی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی مسائل زیر بحث آئے۔
دونوں رہنماوں نے کہا کہ ’تعمیر اور ترقی اورخوشحالی کی مشترکہ بنیاد تشکیل دینے والےعلاقائی استحکام کی بنیادیں مضبوط بنانےکے لیے جدو جہد ضروری ہے‘۔
علاوہ ازیں شہزادہ محمد بن سلمان نے شاندار استقبال اور فیاضیانہ ضیافت پر سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے سلطنت عمان کے سرکاری دورے کے بعد مسقط سے روانگی کے موقع پر شکریہ کا ٹیلی گرام ارسال کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے سلطان ہیثم بن طارق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ پرجوش استقبال اور فیاضانہ میزبانی پرانتہائی ممنون و مشکور ہیں‘۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ ’مذاکرات نے ثابت کر دیا کہ عمان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات مستحکم ہیں۔ دونوں ملک تمام شعبوں میں گہرے تعاون کی مشترکہ خواہش رکھتے ہیں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور آپ کی قیادت میں دونوں ملک اپنے عوام کے مفادات اور خطے کے امن و استحکام کے فروغ کےلیے کوشاں ہیں‘۔