Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپورٹس کار فراری کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ

گزشتہ سال فراری کی شپمنٹ میں 22.3 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ فوٹو شٹر سٹاک
اٹلی کی سپورٹس کار بنانے والی کمپنی فراری نے کہا ہے کہ گیارہ ہزار سے زائد گاڑیوں کی ریکارڈ شپمنٹ کے بعد رواں سال اس کی آمدنی میں اضافے کی توقع ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فراری نے اندازہ لگایا ہے کہ گزشتہ سال 2021 میں 11 ہزار 155 گاڑیوں کی ترسیل کے بعد رواں سال اس کی ایڈجسٹ شدہ مجموعی آمدنی 1.65 سے 1.70 ارب یورو کے درمیان ہوگی جبکہ گزشتہ سال آمدنی 1.53 ارب یورو تھی۔
گذشتہ سال بھی کمپنی کی آمدنی اس کے اندازے کے مطابق ہی تھی۔
فراری کے سربراہ بینیڈیٹو وینیا نے کہا ہے کہ کمپنی نے برانڈ کی منفرد خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط کے ساتھ تمام آرڈرز سے نمٹا ہے۔
سال 2020 میں کورونا کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے بعد گذشتہ سال فراری کی شپمنٹ میں 22.3 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔
کمپنی کے مطابق تمام اہم ممالک میں ڈبل ڈیجٹ گروتھ ظاہر ہوئی ہے جس کی وجہ آٹھ سلینڈر ماڈلز بشمول ایف 8 فیملی، روما گرینڈ اور ہائبرڈ ایس ایف 90 ماڈلز کی مستحکم فروخت ہے۔
گذشتہ سال کے مقابلے میں چین، ہانگ کانگ اور تائیوان کو ترسیل کی گئی گاڑیوں میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔
لگژری گاڑیوں کی برطانوی کمپنی رولز روئس نے بھی کہا تھا کہ سال 2021 میں اس کی فروخت میں 49 فیصد کا اضافہ ہوا جو اس بات کا عندیہ ہے کہ کورونا کی عالمی وبا کے باوجود دنیا بھر میں لگژری گاڑیوں کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔
علاوہ ازیں ایک اور لگژری کار پورشے نے بھی گذشتہ سال تین لاکھ سے زائد گاڑیاں دنیا بھر میں ڈیلیور کی تھیں۔

شیئر: