پی ایس ایل میں کراچی کنگز کو ایک اور جھٹکا، دو بولرز ٹورنامنٹ سے باہر
جمعہ 4 فروری 2022 10:17
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
محمد عامر نے پی ایس ایل میں اب تک کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سابق چیمپیئن ٹیم کراچی کنگز ٹورنامنٹ کے ساتویں ایڈیشن میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت پائی اور اب ٹیم کے دو فاسٹ بولروں کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد اس کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
کراچی کنگز کے دو فاسٹ بولرز محمد عامر اور محمد الیاس انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
کراچی کنگز کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ محمد عامر کمر کی تکلیف کے باعث ٹورنامنٹ میں بغیر کوئی میچ کھیلے پی ایس ایل سے باہر ہو گئے ہیں۔
جبکہ کراچی کنگز کی جانب سے تینوں میچ کھیلنے والے فاسٹ بولر محمد الیاس بھی لاہور قلندرز کے خلاف پچھلے میچ کے دوران کندھے پر چوٹ لگنے کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہو چکے ہیں۔
کراچی کنگز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ محمد الیاس کو ڈاکٹروں نے چھ ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی قیادت میں کراچی کنگز اب تک پی ایس ایل میں تین میچز کھیل چکی ہے اور تینوں میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
کراچی کنگز کی ٹیم آج ٹورنامنٹ کا چوتھا میچ پشاور زلمی کے خلاف کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گی۔