Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تھمے ہوئے سمندر سے آتش فشاں‘، ٹوئٹر پر سرفراز احمد کی میمز کی بھرمار

سرفراز احمد کی ٹیم اب تک پی ایس ایل میں صرف ایک میچ جیتی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد جن کی قیادت میں کرکٹ ٹیم نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز میں ہی سوشل میڈیا پر کافی زیربحث ہیں۔
ان کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پیر کی رات ملتان سلطانز کے خلاف ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہار گئی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین اس وقت سرفراز احمد پر ان کی بحییثیت کھلاڑی کارکردگی نہیں بلکہ گراؤنڈ میں بطور ٹیم کپتان برتاؤ پر بات چیت کرتے نظر آرہے ہیں اور ان پر تنقید کرنے لیے مزاحیہ میمز کا سہارا لے رہے ہیں۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ہارنے کی ایک وجہ سرفراز احمد کا جارحانہ انداز کپتانی بھی ہے۔
شازیہ نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’سرفراز ہمیشہ اپنے بولرز پر غیرضروری دباؤ ڈالتے ہیں۔‘

’ان کا جارحانہ انداز ان کے زوال کی وجہ ہے۔‘
ٹوئٹر پر ’نامعلوم افراد‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان کے بولرز سے برتاؤ پر ایک پاکستانی ڈرامے کی کلپ شیئر کی۔
سوشل میڈیا پر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسے صارفین کو غصے میں دکھنے والا ہر شخص سرفراز احمد لگتا ہو۔

زین ارشد نامی صارف نے کوئٹہ گلیڈیٹرز کے کپتان پر لطیف سی تنقید کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سربراہ بلاول بھٹو زردای کی ایک ویڈیو کلپ کا سہارا لیا جس میں وہ اپنے مخالفین سے کہہ رہے تھے ’میں آپ کا جینا حرام کردوں گا۔‘
ٹوئٹر پر سرفراز احمد کے حوالے سے شیئر کی جانے والی میمز کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ اسے کسی بھی ایک جگہ اکھٹا کرنا مشکل ہے لیکن کچھ ایسے ہیں جن کو بالکل بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
دوسری جانب کچھ صارفین ایسے بھی ہیں جو سرفراز احمد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں گراؤنڈ میں اپنا رویہ تبدیل کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
ارفع فیروز نامی صارف نے لکھا کہ ’تھمے ہوئے سمندر سے آتش فشاں بننے میں سرفراز احمد کو صرف چند سیکنڈز لگتے ہیں۔‘

انہوں نے لکھا کہ کپتان کا چیخنا ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے اچھا پیغام نہیں ہوتا اور کوئٹہ کی ٹیم انتظامیہ کو چاہیے کہ سرفراز احمد سے بات کریں۔
لیکن تمام تر باتوں کے باوجود بھی سرفراز کے پرستاروں کو ان کی ماضی میں کرکٹ کے لیے خدمات یاد ہیں اور کچھ لوگ انہیں ابھی بھی ’دِلوں کا کپتان‘ مانتے ہیں۔
اب تک پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم تین میچ کھیل چکی ہے جس میں سے وہ صرف ایک میچ جیت پائی ہے۔
سرفراز احمد کی ٹیم کا اگلا میچ 3 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہے۔

شیئر: