سرفراز احمد کی سلمان بٹ پر تنقید، ملک بیچنے کا الزام لگادیا
بدھ 2 فروری 2022 16:11
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سلمان بٹ کو 2010 میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں 5 سال کی سزا ہوئی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے سابق اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے موجودہ کپتان سرفراز احمد نے 2010 میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں پانچ سالہ پابندی کا سامنا کرنے والے کرکٹر سلمان بٹ کا نام لیے بغیر ان پر ملک بیچنے کا الزام لگایا ہے۔
بدھ کے روز اپنی ایک ٹویٹ میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کو آن ڈیوٹی بیچنے والا فکسر جب نیت پر بھاشن دے گا پھر تو اللہ ہی حافظ ہے۔‘
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد آج کل اپنے آن فیلڈ برتاؤ کے سبب میڈیا اور سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں۔ ان کے ناقدین کا کہنا ہے کہ میچوں کے دوران ان کے جارحانہ برتاؤ سے ان کے ساتھی کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھتا ہے۔
اسی حوالے سے سلمان بٹ نے بھی ایک یوٹیوب چینل پر سرفراز احمد پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ’جس طرح سے رد عمل دیتے ہیں، بات کرتے ہیں اس پر تنقید ہی ہوتی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ بات نہیں کرتے بلکہ چیختے ہیں، وہ مشورہ نہیں کررہے بلکہ اپنا فیصلہ مسلط کررہے ہیں۔ ‘
انہوں نے سرفراز کو مشورہ دیا تھا کہ وہ بحیثیت کھلاڑی اپنی خود کی کارکردگی پر توجہ دیں۔
’بہتر ہے کہ وہ اپنے اوپر توجہ دیں، اپنی کارکردگی پر دھیان دیں۔ وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ پچھلے ڈیڑھ سال سے بحیثیت دوسرے وکٹ کیپر سفر کررہے ہیں انہیں اپنی پرفارمنس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔‘
واضح رہے سلمان بٹ پر 2010 میں ساتھی کھلاڑیوں محمد آصف اور محمد عامر سمیت انگلینڈ کے دورے کے دوران سپاٹ فکسنگ کا الزام لگا تھا اور الزام ثابت ہونے کے بعد انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پانچ سالہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔