سعودی عرب میں کورونا سے صحتیابی کے فوراً بعد بوسٹر شاٹ کی اجازت
سعودی عرب میں 24 گھنٹے میں تین ہزار پانچ سو 55 نئے کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی ہے (فوٹو: شٹرک سٹاک)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد بوسٹر ڈوز لگوانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
عرب نیوز نے العربیہ ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جن لوگوں کے ٹیسٹ منفی ہیں وہ ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے بعد تین ماہ کے اندر بوسٹر شاٹ لے سکتے ہیں۔
قبل ازیں جمرات کو وزارت داخلہ نے بیرون مملکت سفر کرنے والوں کے لیے تیسری خوراک ضروری قرار دی تھی جو 9 فروری سے شروع ہو رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’اس اصول سے ان لوگوں کو استثنیٰ حاصل ہے جن کی عمریں 16 سال سے کم ہیں اور وہ شہری جو توکلنا کی درخواست پر مستثنیٰ کا سٹیٹس رکھتے ہیں۔
جن لوگوں نے بوسٹر شاٹ لیے ہیں ان کو ملک کی توکلنا ایپ میں ’محفوظ‘ سمجھا جاتا ہے۔ ان میں 18 سال سے زائد عمر کے وہ افراد شامل ہیں جنہیں ویکیسن لگوائے آٹھ ماہ سے زیادہ وقت گزر گیا ہے۔
سعودی عرب میں پچھلے 24 گھنٹے کے دوران تین ہزار 555 نئے کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کُل تعداد سات لاکھ 26 ہزار 24 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے وائرس کے باعث تین مزید ہلاکتوں کی تصدیق بھی کی گئی ہے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد وبا کے پھوٹنے سے لے کر اب تک بڑھ کر آٹھ ہزار 950 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران چار ہزار 23 مریض وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مملکت میں صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد چھ لاکھ 57 ہزار نو سو 95 ہو گئی ہے۔