Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف کمشنری کے گاؤں ’الکلادا‘ میں پتھروں سے بنی قدیم عمارتیں

الکلادا گاؤں آج بھی سیاحوں کےلیے غیر معمولی دلچسپی کا حامل ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں طائف کمشنری کی وادی السیاییل کے جنوب میں واقع گاؤں ’الکلادا‘ علاقے میں غیر معمولی شہرت کا حامل ہے۔
گاؤں میں چٹانی پتھروں سے تعمیرکردہ قدیم عمارتیں آج بھی عہد رفتہ کی شان و شوکت بیان کر رہی ہیں۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ’الکلادا‘ گاؤں کا نام اس وقت کے معروف طبیب ’خلدون ان کلدہ‘ کے نام پررکھا گیا اور یہیں قبیلہ ’کلدہ‘ آباد ہوا۔ 

 پتھروں سے بنی عمارتوں کے اطراف فصیل بھی تعمیر کی گئی تھی (فوٹو: ایس پی اے)

یہ گاؤں السیاییل وادی کے درمیان واقع ہے جس کی عمارتیں منفرد اور مثالی ہیں۔ چٹانی پتھروں سے بنی ان عمارتوں کے اطراف فصیل بھی تعمیر کی گئی تھی جبکہ گاؤں کے عین وسط میں مسجد اور سماجی تقریبات کےلیے سوشل سینٹربھی تعمیر کیا گیا تھا۔ 
عہد قدیم میں تعمیر کیا گیا یہ گاؤں فن تعمیر کا شاہکار ہے جسے دیکھ کراندازہ ہوتا ہے کہ کس قدر اعلیٰ منصوبہ بندی کے ذریعے اہل قریہ کی ضرورتوں کا خیال رکھتے ہوئے گاؤں کی پلاننگ کی گئی تھی۔ 

’الکلادا‘ گاوں کا نام  معروف طبیب ’خلدون ان کلدہ‘ کے نام پررکھا گیا (فوٹو: ایس پی اے)

گاؤں کے رہنے والوں کے لیے سماجی سینٹر کے علاوہ اشیائے خورونوش کو ذخیرہ کرنے کے لیے خصوصی گودام تعمیر کیے گئے تھے جبکہ کھیت اور باغات کے لیے بھی علیحدہ جگہ مخصوص کی گئی تھی۔ 
الکلادا گاؤں آج بھی سیاحوں اور سیر وتفریح کرنے والوں کے لیے غیر معمولی دلچسپی کا حامل ہے جس کی بنیادی وجہ اس کی طرز تعمیر اور اطراف کے قدرتی خوبصورت مناظر ہیں۔ 

شیئر: