دورہ پاکستان کے لیے آسٹریلوی ٹیسٹ سکواڈ میں کون کھلاڑی شامل ہیں؟
منگل 8 فروری 2022 9:15
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
آسٹریلیا کی ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے اپنی 18 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
منگل کے روز ایک ٹویٹ میں کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سکواڈ رواں ماہ پاکستان جائے گی جبکہ ون ڈے سیریز اور ٹی 20 کے لیے سکواڈ کا اعلان اسی ماہ علیحدہ سے کیا جائے گا۔
فاسٹ بولر پیٹ کمنز کی قیادت میں آنے والی 18 رکنی ٹیم میں ایشٹن اگر، سکاٹ بولینڈ، الیکس کیری، کیمرون گرین، مارکس ہیرس، جوش ہیزلوڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، عثمان خواجہ، مارنس لامبوشین، ناتھن لیون، مچل مارش، مائکل نیصر، سٹیو سمتھ، مچل سٹارک، مچل سویپسن اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔
پاکستان کے دورے کے دوران آسٹریلیا کی ٹیم تین ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔
شیڈول کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 مارچ کو راولپنڈی، 12 سے 18 مارچ کو کراچی اور 21 سے 25 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
تینوں ایک روزہ میچ 29 مارچ، 31 مارچ اور 2 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ جبکہ واحد ٹی 20 میچ 5 اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ 1998 کے بعد آسٹریلیا کی مردوں کی ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔