Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیسن رائے کی سینچری، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 وکٹوں سے کامیاب

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے 15 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پیر کو کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 205 رنز کا ہدف 20 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جیمز وینس 49 اور محمد نواز 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
 لاہور قلندرز نے 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے تھے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ نے اننگز کا دھویں دار آغاز کیا۔ جیسن رائے اور احسن علی کے درمیان 71 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد احسن سات رنز بنا کر کامران غلام کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
جیسن رائے 57 گیندوں پر 116 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے آٹھ چھکے اور 11 چوکے لگائے۔
کوئٹہ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے وہ تین رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

جیسن رائے 57 گیندوں پر 116 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: پی ایس ایل)

لاہور قلندرز کی اننگز کا احوال

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کے درمیان 61 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد عبداللہ شفیق 32 رنز بنا کر رن آوٹ ہوگئے۔
دوسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی کامران غلام تھے وہ 19 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔
اس کے بعد محمد حفیظ بھی وکٹ پر زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکے اور صرف آٹھ رنز بنا کر غلام مدثر کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔
فل سالٹ بھی صرف آٹھ رنز بنا کر لیوک وڈ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
فخر زمان کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ وہ 70 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر غلام مدثر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
آج کے میچ کے لیے قلندرز نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے جبکہ کوئٹہ نے تین تبدیلیاں کی ہیں اور جیسن رائے، لیوک وڈ اور غلام مدثر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

شیئر: