تحریک عدم اعتماد، ’ابھی تو کچن میں سامان اکٹھا ہو رہا ہے‘
تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بار بار سوالات پوچھے جانے کے باوجود چوہدری پرویز الٰہی نے گول مول جواب دیا (فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ق کے صدر پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آصف زرداری کوئی پیغام نہیں لائے تھے بلکہ چوہدری شجاعت کی عیادت کے لیے آئے تھے۔
منگل کو لاہور میں ایم کیو ایم کے وفد کے ساتھ ملاقات کے بعد عامر خان اور وسیم اختر کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا حصہ ہیں لیکن جہاں بھی غلط کام دیکھتے ہیں، اس پر احتجاج کرتے ہیں اور کئی بار ٹھیک کروایا۔
تحریک عدم اتحاد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کا جواب تو اپوزیشن دے سکتی ہے۔
وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر حکومت یا اپوزیشن کے ساتھ جانے کے بارے میں بار بار سوال پوچھے جانے کے باوجود چوہدری پرویز الٰہی نے کوئی واضح جواب دینے کے بجائے گول مول سا موقف اختیار کیا۔
ان کے بقول ’ابھی تو باورچی خانے میں سامان اکٹھا ہو رہا ہے، کچھ بن تو جائے۔‘
صحافیوں کی جانب سے مزید استفسار پر انہوں نے کہا کہ ’ابھی تک پکنا شروع ہوا ہے، لگتا ہے آپ کچا ہی کھانا چاہتے ہیں۔‘
چوہدری پرویز الٰہی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹھوس تجاویز دیں اور ان پر عملدرامد بھی ہو۔
اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کی عیادت اور بلدیاتی انتخابات پر بات چیت کے لیے آئے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہا کہ ہم حکومت کا حصہ اور اتحادی ہیں لیکن ہماری اپنی اپنی سوچ اور اپنے اپنے فیصلے ہیں تاہم مشاورت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔