سعودی عرب ایک پُرامن اور محفوظ ملک ہے: امریکی فلم ڈائریکٹر
سعودی عرب ایک پُرامن اور محفوظ ملک ہے: امریکی فلم ڈائریکٹر
جمعرات 10 فروری 2022 5:37
سعودی بے حد ملنسار، مہذب اور ذہین لوگ ہیں۔ (فوٹو العربیہ)
ہالی وڈ فلم ’قندھار‘ کے ڈائریکٹر کرسٹین مرکری نے کہا ہے کہ ریاض شہر لاس اینجلس سے ملتا جلتا ہے۔
امریکن فلم ڈائریکٹر ان دنوں العلا میں قندھار فلم کی عکس بندی کر رہے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق امریکن فلم ڈائریکٹر نے سوشل میڈیا پر مملکت، اس کے آرٹ اور شہریوں کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی بے حد ملنسار، مہذب، بے حد ذہین ہیں اور دوسروں کی مدد کرنا پسند کرتے ہیں۔‘
’ہمارے یہاں سعودیوں سے متعلق غلط تصورات پائے جاتے ہیں۔ میں غلط فہمی کے شکار امریکیوں میں سے ایک ہوں۔ مغربی دنیا گمراہ کن معلومات کا شکار ہے۔ میں یہاں آ کر بے حد متاثر ہوا۔ مملکت پُرامن اور محفوظ ملک ہے۔ یہاں کے لوگ پیار کرنے والے ہیں اور تعاون کرتے ہیں۔‘
مملکت کے مختف علاقوں کا موسم ایک جیسا نہیں۔ (فوٹو العربیہ)
انہوں نے کہا کہ ’مملکت کے مختلف علاقوں کا موسم ایک جیسا نہیں۔ جدہ مرطوب اور بے حد گرم شہر ہے۔ ریاض کا موسم لاس اینجلس سے ملتا جلتا ہے۔ یہاں پہاڑ اور خوبصورت قدرتی مناظر ہیں۔‘
انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’کاش فلموں کی عکس بندی کے لیے دوبارہ مملکت آ سکوں۔ ہالی وڈ کے فلم سازوں کے لیے مشورہ ہے کہ وہ سعودی عرب آئیں اور یہاں کے قدرتی اور سحر آفریں مقامات پر فلمیں بنائیں۔‘
یاد رہے کہ قندھار، العلا میں فلمائی جانے والی بڑے بجٹ کی پہلی ہالی وڈ فلم ہے۔ اس کے بعض سین جدہ میں فلمائے گئے ہیں۔
قندھار میں العلا کے حسن، اس کے قدرتی مناظر اور سعودی عرب کے قدیم تمدن کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس پروجیکٹ میں ایم بی سی گروپ شامل ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں