فلم العلا کی لانچنگ رواں سال کے آغاز میں برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ہوئی تھی اور یہ ایجنسی اس سال پہلی بار کانز میں شرکت کر رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ’فلم العلا‘ نے اپنے نئے مراکز کا بھی اعلان کیا، جن میں فلم کے عملے کے 150 ارکان کے لیے مختلف مقامات ہوں گے۔ جن میں پروڈکشن کے دفاتر، تفریحی مراکز اور اوپن ایئر سینما شامل ہے۔
تعمیر کے پہلے مرحلے کا اعلان ہو چکا ہے اور جہاں مختلف جگہیں 2021 کے آخر تک دستیاب ہوں گی۔
کانز فلم فیسٹیول اس سال چھ سے 16 جولائی تک جاری رہے گا۔
فیسٹیول پر ’فلم العلا‘ وہاں موجود فلم سازوں کے سامنے دنیا کے دلکش ترین قدرتی نظاروں کو پیش کرے گی۔
العلا کے خوبصورت نظارے ماضی میں انسینس روُٹ کے نام سے پہچانی جانے والی جگہ پر واقع ہیں اور یہاں تاریخ کی دو لاکھ برس پرانی یادیں بسیرا کیے ہوئے ہیں۔
ان میں تاریخی شہر ہیگرہ شامل ہے جو کہ یونیسکو کی جانب سے قرار دیا گیا مملکت کا پہلا عالمی ورثہ ہے۔
ہیگرہ میں نئے سنگی دور سے لے کر اسلامی دور تک کے تاریخی مقامات موجود ہیں۔
فلمیں بنانے کی بین الاقوامی اور علاقائی کمپنیوں کی بڑی تعداد نے العلا کا رُخ کرنا شروع کر دیا ہے۔
یہاں جلد ڈائریکٹر رک رومن واغ کی فلم 'قندھار' کی شوٹنگ ہوگی جس میں مشہور اداکار گیرارڈ بٹلر ہیرو کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
کئی مقامی فلموں کی شوٹنگ العلا میں ہوگی، جیسے توفیق الزیدی کی فلم 'نورا'۔
خطے کی تاریخ اور ثقافت کی وجہ سے العلا میں کئی ڈاکومنٹریز بھی بنائی جائیں گی۔
وہ کمپنیاں جو العلا میں فلمیں بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں، انہیں کئی فائدے بھی ہوں گے، جیسے ہدایتکاری میں مدد، شوٹنگ کے لیے مقامات ڈھونڈنا اور سعودی عرب میں فلمیں بنانے پر ماہرین کی رائے اور سارا سال پائی جانے والی سورج کی روشنی۔
ہدایتکاروں کو العلا میں ایسا ماحول مل سکتا ہے جو فلم بنانے میں ان کے لیے معاون ثابت ہوگا، مثلاً ایسے مقامات پر رہائش جہاں انگریزی بولنے والی ٹیم اور فلم سازی پر رائے لینے کے لیے ماہرین ہوں گے جو ہر قدم پر ان کی مدد کریں گے۔
العلا میں فلموں کے عملے کی رہائش کے لیے جو جگہیں موجود ہیں ان میں 100 کمروں کا ہابیتس العلا اور 79 کمروں کا بینین ٹری عشر ریزارٹ شامل ہے۔ دونوں مقامات آنے والے خزاں کے موسم میں کھول دیے جائیں گے۔
فلم العلا کی کانز فلم فیسٹیول میں نمائش سعودی پویلین نمبر 120 میں ہوگی۔
العلا کے رائل کمیشن کے فلم کمشنر سٹیون سٹراکین کا کہنا تھا کہ 'کانز فلم فیسٹیول میں ہمارا مقصد بین الاقوامی انڈسٹری سے روابط قائم کرنا ہے تاکہ العلا کو فلم بنانے کے لیے منفرد مقام کے طور پر متعارف کروایا جا سکے، جو اب بین الاقوامی فلم سازی کے لیے تیار ہے۔'