Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحافی بن کر دو بار امریکی ویزہ حاصل کرنے والا شخص کراچی سے گرفتار

ملزم کو کو ایف آئی اے کی  ٹیم نے کراچی سے گرفتار کیا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
کراچی میں امریکی قونصل خانے کی شکایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)  نے خود کو صحافی ظاہر کر کے امریکہ کا ویزہ حاصل کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار شخص نے خود کو نجی ٹی وی چینل کا رپورٹر ظاہر کر کے نہ صرف امریکہ کا ویزہ حاصل کیا بلکہ اقوام متحدہ کا اجلاس بھی کور کیا۔
ایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کے مطابق امریکی قونصل خانے کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے اعجاز چیمہ ولد غلام رسول چیمہ نامی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
’امریکی قونصل خانے نے بذریعہ خط ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون کو ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی۔‘
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار شخص نے دو مرتبہ نجی ٹی وی کا رپورٹر بن کر امریکی ویزہ حاصل کیا۔
’ملزم اعجاز چیمہ جو سیالکوٹ کا رہائشی ہے، کو ایف آئی اے کی ٹیم نے کراچی سے گرفتار کیا۔ اعجاز چیمہ نے 2019 میں حاصل کردہ ویزے پر بطور سینیئر رپورٹر اقوام متحدہ کے اجلاس کی کوریج بھی کی۔‘
ایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل نے مزید بتایا کہ ملزم نے 2020 میں اسی ٹی وی چینل کا سینیئر نمائندہ بن کر دوسری بار ویزہ حاصل کیا تھا۔
’امریکی قونصل خانے کی تحقیقات میں نجی ٹی وی انتظامیہ نے ملزم کے پیش کردہ خطوط سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ جس کے بعد امریکی قونصل خانے نے بذریعہ خط ایف آئی اے کو ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی درخواست کی تھی۔‘

ملزم نے نہ صرف امریکہ کا ویزہ حاصل کیا بلکہ اقوام متحدہ کا اجلاس بھی کور کیا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

دوسری جانب کراچی پریس کلب کے سیکریٹری محمد رضوان بھٹی کا کہنا ہے کہ ’سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے شخص کو ویزا جاری کرنے کا عمل امریکی قونصل خانے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ صحافی کے نام پر جمع کرائے گئے کاغذات کی مکمل جانچ پڑتال کے بغیر ویزے کا اجرا کیسے ممکن ہے۔ کراچی پریس کلب صحافیوں کو ویزے کے اجراء کے لیے لیٹر جاری کرتا ہے۔‘
محمد رضوان بھٹی کا کہنا ہے کہ ’کافی دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ کاغذات مکمل ہونے اور کراچی پریس کلب کا تصدیقی خط منسلک ہونے کے باوجود حقیقی صحافیوں کو پروفیشنل ذمہ داریوں کی ادائیگی تک کے لیے ویزے جاری نہیں کیے جاتے جب کہ اس کیس میں ایک فرد نے صحافت کے نام پر ایک نہیں بلکہ دو دفعہ ویزا حاصل کیا۔‘
وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملزم کے خلاف دفعہ 420،468،471،109،34 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

شیئر: