Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں غبار آلود تیز ہوا، بندرگاہ معطل، ہائی وے کے مسافروں کو انتباہ

’رات 4 بجے سے جدہ کے موسم میں اچانک تبدیلی ہوئی ہے‘ (فوٹو: سبق)
جدہ سمیت متعدد شہروں میں آج غبار آلود تیز اور ٹھنڈی ہوا چل رہی ہے جبکہ جدہ اسلامی بندرگاہ میں کشتی رانی معطل کردی گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بندرگاہ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’گرد آلود ہوا کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہے جس کے باعث کشتی رانی کو وقتی طور پر معطل کیا جارہا ہے ‘۔
ادھر وزارت ٹرانسپورٹ نے ینبع جدہ ہائی کا سفر کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ ہائی وے پر حد نگاہ انتہائی متاثر ہے جبکہ تیز ہوا کے باعث سفر خطرے سے خالی نہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب رات 4 بجے سے جدہ کے موسم میں اچانک تبدیلی ہوئی ہے‘۔
’گرد آلود تیز ہوا کے ساتھ سردی کے جھونکے دوپہر دو بجے تک جاری رہیں گے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’یہ کیفیت جدہ شہر سمیت ثول، رابغ، الکامل اور مذکورہ شہروں کو جوڑنے والی مرکزی شاہراہوں اور کھلے مقامات میں ہے‘۔
نجران کے متعلق محکمے نے کہا ہے کہ ’نجران شہر کے علاوہ الخرخیر اور شرورہ میں گرد وغبار کا طوفان ہے جو دوپہر تک رہے گا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے وسطی، جنوبی، مشرقی اور شمالی علاقوں میں سردی کی لہر جاری ہے جہاں رات کےوقت خصوصی طور پر درجہ حرارت میں واضح کمی محسوس ہوگی‘۔
محکمے نے بتایا ہے کہ ’جازان، عسیر اور باحہ میں مطلع ابر آلود ہے جہاں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے جبکہ رات کے وقت دھند بھی چھائی رہے گی‘۔

شیئر: