Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پادری کی غلطی، 26 سال تک دعائیہ رسم میں شریک ہونے والوں کی عبادت ’متاثر‘

مذکورہ پادری کی یہ غلطی 2021 کی وسط میں سامنے آئی تھی۔ فائل فوٹو: روئٹرز
امریکہ کے ایک چرچ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ وہاں کے پادری 26 سال تک دعائیہ تقریب (بپتسمہ) میں ایک لفظ کی غلطی کرتے رہے ہیں جس کی وجہ سے پوری دعائیہ رسم متاثر ہوئی اور ہزاروں کیتھولک افراد کو ایک بار پھر اس عمل سے گزرنا ہوگا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 26 برسوں سے فادر آندرے آرانگو نے بپتسمہ کے لیے ’ہم آپ کا بپتسمہ کرتے ہیں‘ کا جملہ استعمال کیا ہے جو کہ ویٹیکن کی منظوری کے تحت ’میں آپ کا بپتسمہ کرتا ہوں‘ ہوتا ہے۔
ڈیوسیس ترجمان کیٹی برک کا کہنا ہے کہ مذکورہ پادری کی یہ غلطی 2021 کی وسط میں سامنے آئی تھی۔
’فادر آرانگو پادری بننے کے آغاز ہی سے غلط الفاظ استعمال کر رہے تھے، تاہم گذشتہ سال موسمِ گرما میں یہ بات ڈیوسیس کی توجہ میں لائی گئی تھی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا اندازہ نہیں کہ  1995 سے 2021 تک کتنے لوگوں کا بپتسمہ ہوا ہے۔ ’تاہم میرا ماننا ہے کہ یہ تعداد ہزاروں میں ہو گی۔‘
یہ غلطی منظر عام پر آنے کے بعد آرانگو نے عہدہ چھوڑ دیا ہے اور ان کا مقصد ان لوگوں کی مدد ہے جو ان کی غلطی کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے متاثر ہونے والے عبادت گزاروں کے سوالات کا جواب دینے کے لیے ایک ویب سائٹ بھی بنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بپتسمہ کی تقریب کیتھولک چرچ میں کروائی جاتی ہے جس کو برکتوں کے حصول کے لیے بہت اہم مانا جاتا ہے۔
اس دعائیہ رسم میں بپتسمہ کروانے والے شخص کے سر پر پانی چھڑکا جاتا ہے۔

شیئر: